اولمپس انڈیا کا عہدیدار ہلاک، خودکشی کا شبہ

نئی دہلی: انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، اسکینڈل زدہ جاپانی فرم اولمپس کا ایک سینئر عہدیدار نئی دہلی میں اپنے فلیٹ کے قریب واقع بچوں کے پارک میں مردہ پایا گیا ہے جو کہ بادی النظر میں خودکشی کا کیس لگتا ہے۔

49 سالہ تسوتومی اوموری، جو کہ انڈیا میں اولمپس میڈیکل سسٹمز کا مینجنگ ڈائریکٹر تھا، دہلی کے مضافاتی شہر گورا گاؤں میں اپنے لگژری اپارٹمنٹ کمپلیکس میں لوہے کی سلاخوں سے لٹکتا ہوا پایا گیا۔

گوراگاؤں پولیس کے ایک افسر نے اے ایف پی کو موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں اوموری نے اتوار کی رات خودکشی کی ہے۔

“وہ اکیلا رہتا تھا اور اس نے جاپانی زبان میں لکھے ہوئے خودکشی کے دو خط چھوڑے، جو کہ ہم نے جاپانی سفارتخانے کو دے دئیے ہیں،” پولیس افسر نے کہا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، ایک خط میں لکھا تھا، “آپ کو زحمت دینے پر معذرت خواہ ہوں،” جبکہ دوسرے خط میں اہلخانہ کو مخاطب کیا گیا تھا۔

اولمپس بھاری بھرکم مالیاتی اسکینڈل کا مرکز بنا ہوا ہے، جس میں ٹوکیو کے پراسیکیوٹر کھاتوں میں خردبرد کے ذریعے 1.7 بلین ڈالر کے نقصانات چھپانے کے معاملے میں اعلی انتظامیہ کے ملوث ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

کمپنی کے سابقہ صدر اور آڈیٹر ان عہدیداروں میں شامل تھے جنہیں اس سازش میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر رواں ماہ کے شروع میں گرفتار کیا گیا۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.