ناہا: منطقہ حارہ سے ملحق صوبے اوکی ناوا کے شہر ناہا کو بچوں کے لیے روایتی برف کا تہوار اس وقت منسوخ کرنا پڑا جب بچوں کے والدین نے اعتراض کیا کہ شمال مشرق سے لائی گئی برف تابکار ہو سکتی ہے۔
شہر نے یہ سالانہ تہوار میرین سیلف ڈیفنس فورس کے ایئر کرافٹ گروپ کے ساتھ مل کر جمعرات کو منانے کا پروگرام بنایا تھا۔ اس گروپ نے اوموری صوبے سے چھ سو کلوگرام برف اسی مقصد کے لیے ڈھوئی تھی۔
تاہم درجنوں والدین، جو تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر سے نکلنے والی تابکاری کے خوف سے آفت زدہ جنوبی صوبے سے بھاگ کر یہاں پہنچے ہیں، نے اس تہوار کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بھروسہ نہیں کر سکتے اور نہیں چاہتے کہ تابکاری کے خوف سے اوکی ناوا بھاگ کر آنے کے بعد بھی انہیں برف کی صورت میں تابکاری کا شکار ہونا پڑ جائے۔
ائیرکرافٹ گروپ کے فوجیوں نے فوکوشیما سے 360 کلومیٹر دور اوموری کا سالانہ تربیتی دورہ کیا تھا، اور پچھلے اٹھارہ سال سے، وہ وہاں جاتے ہوئے اوکی ناوا کا گنا لے جاتے ہیں اور واپسی پر جنوب سے برف کا تحفہ ساتھ لاتے ہیں۔
وہ اوکی ناوا میں ایسے تین تہواروں کے لیے پہلے ہی برف مہیا کر چکے ہیں۔