اشینوماکی: ایک سال پہلے کمبل میں لپٹی ایک مایوس نوجوان ماں اپنے تاراج شدہ شہر کے کھنڈرات میں کھڑی سونامی کی باقیات میں اپنے گم شدہ بچے کی تلاش کر رہی تھی۔
12 ماہ کے بعد، یوکو سوگیموتو اور اس کا خاندان پھر سے اکٹھے ہوئے ہیں اور ایک عارضی مکان میں رہ رہے ہیں لیکن اس آفت کے کھرنڈ اب بھی باقی ہیں۔
“اس آفت نے مجھے سکھایا کہ معجزہ اصل میں اگلے دن کا طلوع ہونا ہے،” سوگیموتو نے اس مقام کا دوبارہ دورہ کرتے ہوئے کہا جہاں 11 مارچ، 2011 کو ایک فوٹو گرافر نے سونامی کی وحشی لہروں میں گرفتار اپنی جان کے ٹکڑے کو شدید مایوسی کے عالم میں دیکھتے ہوئے اس کی تصویر کھینچی تھی۔
اس کے نتیجے میں جاپان کے زلزلے اور سونامی کی دل چیر دینے والی تصویر وجود میں آئی جسے پوری دنیا کے اخبارات، میگزینز اور ویب سائٹوں پر شائع کیا گیا۔
سوگیموتو ان دنوں کو یاد کرتی ہے کہ کیسے سونامی کے دو دن بعد وہ سخت سردی میں اپنے آپ کو لپیٹے اپنے اکلوتے بچے کی کسی نشانی کی تلاش میں تھی۔
“میں زیادہ سے زیادہ پریشان ہوتی گئی،” اس نے کہا۔