ہوانا: پیس بوٹ، جو ایٹمی اسلحہ ختم کرنے کے فروغ کے لیے پوری دنیا کے گرد چکر لگانے والا ایک جاپانی جہاز ہے، جمعرات کو ہوانا میں لنگر انداز ہوا جس میں سینکڑوں ایکٹوسٹ سوار ہیں جو ایٹمی ہتھیاروں اور ایٹمی توانائی کے خلاف بولتے ہیں۔
ان افراد میں 130 وہ ہیں جو دوسری جنگ عظیم میں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹمی حملے اور مارچ 2011 میں جاپان کے ایٹمی ری ایکٹر حادثے میں بچ نکلے تھے۔
انہوں نے بعد میں ایٹمی ہتھیاروں کے خلاف عالمی فورم کے جزو کے طور پر کیوبا کے سابق سربراہ فیدل کاسترو سے ملاقات کی۔
کاسترو نے ان پر زور دیا کہ وہ جاپان پر امریکہ کی ایٹمی بمباری کی ہولناکیاں بیان کریں اور دنیا سے ایٹمی ہتھیار ختم کرنے کی مہم چلائیں۔
جاپانی پیس بورڈ ایکٹوسٹوں کے ساتھ فورم کے پلیٹ فارم پر دوسرے ممالک میں ایٹمی حادثات اور تجربات میں تابکاری کا شکار ہونے والے لوگ بھی شامل ہوئے۔
پیس بورڈ ٹوکیو سے تعلق رکھنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جو 1983 سے عالمی بحری اسفار منعقد کرتی آ رہی ہے جس کا مقصد ایٹمی ہتھیاروں اور ایٹمی توانائی کے نقصانات بتانا، اور تنازعات کے حل میں امن کے کردار کو فروغ دینا ہے۔