اشینوماکی: 58 سالہ امریکی گلوکارہ سنڈی لاؤپر، جو جاپان میں ایک ٹور پر آئی ہوئی ہیں، نے سونامی زدہ صوبہ میاگی کے شہر اشینوماکی کے اوکائیدو ایلیمنٹری اسکول کا دورہ کیا اور 151 بچوں کے ساتھ ملیں اور ان کے لیے گانا گایا۔ گلوگارہ نے اسکول کے لیے چیری بلاسم کے 10 ننھے پودے (پنیریاں) عطیے میں پیش کیے۔
لاؤپر ٹوکیو میں پچھلے سال 11 مارچ کو ٹور پر آئیں تھیں جب زلزلہ آ گیا۔ انہیں ائیرپورٹ سے ٹوکیو میں اپنے ہوٹل تک آنے میں چھ گھنٹے لگے تھے۔ اس کے بعد، انہوں نے کہا کہ انہیں ٹور منسوخ کرنےا ور جلد از جلد جاپان سے چلے جانے کا مشورہ دیا گیا تھا، تاہم انہوں نے ٹھہرنے اور کنسرٹ کرنے کا فیصلہ کیا چونکہ وہ مدد کرنا چاہتی تھیں۔ ہر کنسرٹ کے بعد وہ ہاتھ میں چندہ باکس پکڑے لابی میں کھڑی ہوتیں تاکہ سونامی کے متاثرین کے لیے چندہ جمع کر سکیں۔
لاؤپر نے اشینوماکی کے بچوں کو بتایا کہ وہ ایک سال کے بعد دوبارہ یہاں آنے پر بہت خوش ہیں۔ چیری بلاسم کی پنیری بچوں کے حوالے کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “درخت لگانا اور ان کی دیکھ بھال کرنا “بحالی” اور “حیات نو” کے استعارے ہیں”۔
لاؤپر بدھ کو نی گاتا میں اور 9 مارچ سے 11 مارچ تک ٹوکیو کے بونکامورا آرچرڈ ہال میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔
11 مارچ کا کنسرٹ ریکارڈ کیا جائے گا اور متاثرہ علاقوں کے مووی تھیٹرز میں مفت دکھایا جائے گا۔