ٹوکیو: ٹوکیو کے ایکیوریم سے بھاگنے والے پینگوئن کی تلاش بدھ کو تیسرے روز بھی جاری رہی، جبکہ اس پروں والی مخلوق کو دیکھنے کی کم از کم آٹھ اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
ٹوکیو سی لائف پارک، ایدوگاوا وارڈ کا عملہ پرندے کی تلاش میں جاپانی دارالحکومت کے دریائی کناروں کو کھنگالتا رہا۔ خیال ہے کہ یہ پینگوئن 134 ساتھیوں کو پیچھے چھوڑ کر پچھلے ویک اینڈ پر پنجرے سے بھاگ نکلا تھا۔
یہ تلاش اس وقت شروع ہوئی جب ایک سال کی عمر کے ہمبولٹ پینگوئن کی اتوار کو تصویر سامنے آئی جس میں وہ خلیج ٹوکیو میں گرنے والے پرانے ایدوگاوا دریا کے دہانے پر نہا رہا تھا۔
نگرانوں کا خیال ہے کہ 60 سینٹی میٹر اونچا یہ پرندہ کسی چیز سے خوفزدہ ہو گیا، جس کے باعث یہ اپنے سے دوگنی اونچی چٹان پر چڑھ کر آزادی کے لیے بھاگنے پر مجبور ہوا۔
“ہم اب بھی پرندے کی تلاش کر رہے ہیں،” تاکاشی سوگینو نے کہا جو ٹوکیو سی لائف پارک کے اہلکار ہیں۔
“پارک نے جنوبی امریکہ کے اس پرندے، پینگوئن، کو دیکھے جانے کی آٹھ اطلاعات کا جائزہ لیا تاہم ان میں سے کوئی بھی بہت زیاہد مددگار ثابت نہیں ہوئی،” اہلکار نے کہا۔
“ہم اس کو پکڑنے کے بارے میں پر امید ہیں”۔