ٹوکیو: جاپان نے منگل کو کہا کہ اس نے پہلی بار چینی حکومت کے بانڈز خریدنے کے لیے بیجنگ سے اجازت حاصل کر لی ہے، جس کا مقصد ایشیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں اور روایتی حریفوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔
چین سرمایہ کاروں کو اپنا قرضہ آزادانہ طور پر خریدنے کی اجازت نہیں دیتا، اور باقاعدہ اجازت کا مطالبہ کرتا ہے۔
وزیر خزانہ جون ازومی نے ٹوکیو میں کہا کہ چینی حکومت نے جاپان کو اپنے جاری کردہ 10.3 ارب ڈالر کے بانڈ خریدنے کے لیے کلئیر کر دیا ہے۔
جاپان اور چین نے بانڈز کی خرید کے لیے اس سے پہلے دسمبر میں اتفاق کیا تھا، جو کہ باضابطہ اجازت سے مشروط تھا، جبکہ اس کا مقصد عالمی اقتصادی افراتفری میں ایشیائی مالیاتی منڈیوں میں وسیع تر استحکام کا حصول تھا۔
اس معاہدے کے تحت بیجنگ نے جاپان کو چین کے حکومتی قرضے میں سے 65 ارب یوآن (10.3 ارب ڈالر) خریدنے کی اجازت تھی، لیکن خریداری کا عمل انتظامی شرائط کی وجہ سے “کئی مہینوں پر محیط ہو گا”۔
جاپان کی طرف سے 1930 چین پر در اندازی پر اکثر اٹھنے والی مخاصمت اور علاقائی ملکیت کے دعوؤں کے باوجود چین جاپان کا سب سے بڑا تجارتی شریک ہے۔
موڈیز آسٹریلیا کے چینی اقتصادیات کے ماہر الیسٹر چان نے کہا کہ بانڈ کی خریداری کی علامتی اہمیت بہت زیادہ ہے چونکہ بیجنگ یوآن کرنسی کے عالمی استعمال میں اضافہ دیکھنے کا خواہشمند ہے۔