ٹوکیو: بدھ کی رات 6:09 بجے کے قریب جاپان کی شمال مشرقی ساحلی پٹی پر ایک طاقتور زلزلہ آنے کی وجہ سے 10 سینٹی میٹر اونچا سونامی جاپانی ساحلی پٹی سے ٹکرایا۔
6.8 شدت کے زلزلے کا مرکز کوشیرو، ہوکائیدو سے 2010 کلومیٹر پرے واقع تھا۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق مرکز سمندری فرش سے 26 کلومیٹر گہرائی میں واقع تھا۔ زلزلہ ہوکائیدو، اوموری اور ایواتے صوبوں میں محسوس کیا گیا۔
ایجنسی نے پہلے کہا تھا کہ سونامی کی اونچائی 50 سینٹی میٹر تک ہو سکتی ہے، تاہم ہوائی میں امریکی نگرانوں نے کہا کہ پورے بحر الکاہل میں سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔
علاقے میں واقع ایٹمی تنصیبات پر کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
موسمیاتی ایجنسی نے مزید خبردار کیا تھا کہ سونامی ہوکائیدو سے پرے کوریل جزائر تک پہنچ سکتا تھا، جن پر دوسری جنگ عظیم کے آخر میں جاپان کے ہتھیار ڈالنے کے بعد سے روس کا تسلط ہے۔