ٹوکیو: وزارت دفاع اور میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، اگلے ماہ شمالی کوریا کی طرف سے راکٹ داغے جانے سے قبل جاپان زمین سے فضا اور سمندر سے فضا سے مار گرانے والے میزائل نصب کر سکتا ہے اور اس نے جاپانی فضاؤں کی خلاف ورزی کی صورت میں راکٹ کو مار گرانے کے امکان کو رد نہیں کیا ہے۔
وزیر دفاع ناؤکی تاناکا نے بدھ کو کہا تھا کہ راکٹ داغنے سے پیدا ہونے والے امکانی حالات سے نمٹنے کے لیے جاپان طریقہ کار طے کرنے میں مصروف ہے، جس میں تباہ کار جہازوں کو حرکت میں لانے کے ساتھ ساتھ راکٹ کے پلان شدہ راستے کے ساتھ میزائل لانچرز کی تنصیب بھی شامل ہے۔
شمالی کوریا نے کہا تھا کہ وہ مدار میں سیارہ چھوڑنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس سے خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ داغے جانے میں ناکامی، یا راکٹ کا کوئی مرحلہ ٹھیک طرح سے پورا نہ ہونے کی صورت میں (وہ نیچے گر کر) جاپانیوں کی زندگی یا املاک کے لیے خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔
تاناکا نے کہا کہ میزائلوں کی تنصیب کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں اور انہوں نے مزید تبصرے سے انکار کر دیا۔
تاہم دفاعی اہلکاروں اور میڈیا رپورٹس سے پتا چلتا ہے کہ جاپان ایگس سے لیس تین تباہ کار جہاز بحر الکاہل اور مشرقی بحر چین میں بھیجنے اور راکٹ کے راستے کے قریب اوکیناوا میں موبائل میزائل لانچر نصب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
“ہم پی اے سی 3 میزائلوں کو اوکی ناوا، یا اشی گاکی یا ساکی شیما کے جزیرے میں بھجوانے کا جائزہ لے رہے ہیں، تاکہ ناگہانی کی صورت میں ملک کا دفاع کیا جا سکے،” نائب وزیر دفاع شو واتانابے نے منگل کو کہا۔