ٹوکیو: جاپانی اہلکاروں نے جمعرات کو کہا کہ جاپان، چین اور جنوبی کوریا نے سہ فریقی سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات تمام کیے، جن کا مقصد وسیع تر آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔
“یہ مذاکرات مناسب انداز میں تصفیے تک پہنچے،” چیف کیبنٹ سیکرٹری اوسامو فوجیمورا نے ایک پریس کانفرنس کو بتایا، جبکہ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سہ فریقی اقتصادی تعاون کے لیے قانونی فریم ورک مہیا کرتا ہے۔
“تینوں ممالک نے بدھ کو بیجنگ میں ہونے والی ایک “تمہیدی” ملاقات میں سرمایہ کاری کے معاہدے کی شرائط پر اتفاق کیا”، جاپانی وزارت معیشت، تجارت اور صنعت نے ایک بیان میں کہا۔
ان مذاکرات کا اختتام “چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے مابین ایک آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کو نئی توانائی فراہم کرے گا،” بیان میں کہا گیا۔
فوجیمورا نے کہا کہ ان مذاکرات کی معاشی اور سیاسی اہمیت ہے اور یہ تینوں ممالک میں تعلقات کو مضبوط بنائیں گے۔
“جاپان، چین اور جنوبی کوریا نے معاہدے پر جلد دستخط کرنے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا،” بیان میں کہا گیا۔
جاپانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مئی کے وسط میں بیجنگ میں ہونے والے متوقع سہ فریقی سمٹ کے موقع پر تینوں ممالک کے سربراہان اس معاہدے پر دستخط کر سکتے ہیں۔