ٹوکیو (کیودو): جاپانی حکومت نے جمعے کو غیر ملکی امیدوار نرسوں اور نگہداشتی کارکنوں کو اگلے مالی سال میں ہونے والے اہلیت کے امتحانات کے لیے مزید وقت دینے اور زبان کی رکاوٹ دور کرنے کے لیے سوالات میں استعمال کیے جانے والے تمام چینی حروف کے ساتھ جاپانی ہجا (syllabaries) منسلک کرنے کا فیصلہ کیا۔
“اس بات کو یقینی بنانے کی امید کرتا ہوں کہ جاپان میں نرس اور نگہداشتی کارکن کے طور پر کام کرنے کے خواہشمند کسی فرد کو صرف زبان کے مسئلے کی وجہ سے یہ سب چھوڑنا نہ پڑے،” وزیر صحت، محنت اور ویلفیئر یوکو کومیاما نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا۔
جاپان و انڈونیشیا اور جاپان و فلپائن کے مابین طے پانے والے دو طرفہ آزاد تجارتی معاہدوں کے مطابق ان دو ممالک سے نرسیں اور نگہداشتی کارکن جاپان میں تین سال تک کام پر رہ کر تربیت حاصل کر سکتے ہیں، اور یہاں کام کرنا جاری رکھ سکتے ہیں بشرط وہ ایک مقررہ مدت میں اہلیتی امتحان پاس کر لیں۔
تاہم کہا جاتا ہے کہ امتحان میں استعمال کیے جانے والے کانجی کے حروف تہجی اور تکنیکی جاپانی اصطلاحات غیرملکی درخواست دہنگان کے لیے خاصی مشکلات پیدا کرتے ہیں۔