ٹوکیو: ہفتے کی رپورٹس کے مطابق، جاپانی پنشن اسکینڈل کی مرکزی کردار کمپنی کے صدر نے کہا کہ اسے یقین تھا کہ وہ ہائی رسک ہائی رٹرن والی سرمایہ کاریوں کی پالیسی جاری رکھتے ہوئے نقصانات پر قابو پا لے گا۔
جاپانی کی سیکیورٹیز کی نگران ایجنسی نے جمعے کو اے آئی جے انویسٹمنٹ ایڈوائزرز دفترپر چھاپہ مارا تھا جس پر 109.2 ارب ین کے پنشن فنڈ کھونے اور گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے کارکردگی بڑھا چڑھا کر بیان کرنے کا الزام ہے۔
اے آئی جے کے صدر کازوہیکو آساکاوا نے ٹوکیو صدر دفتر پر چھاپے سے قبل سانکےئی شمبن کو بتایا تھا کہ وہ نقصانات پورے کرنے کے بارے میں “پریقین” تھا۔
“ہم نے سرمایہ کاری میں غلط حساب کتاب کیا جس کے نتیجے میں چیزیں خراب ہو گئیں”۔
59 سالہ آساکاوا نے کہا کہ وہ اپنی فرم پر اعتماد کرنے والے لوگوں سے معذرت کرنا چاہتا ہے تاہم اعتراف کیا کہ اگر اسے معطلی کے احکامات نہ ملتے تو وہ اب بھی سرمایہ کاری کا کام جاری رکھتا۔
“میرا خیال ہے کہ میں نے یہ جاری رکھا ہوتا چونکہ میرے خیال سے جیتنے کے امکانات تھے”۔