سان فرانسسکو: گوگل ایک سات انچ کے کم قیمت ٹیبلٹ کی تیاری کے لیے ایشیا سے تعلق رکھنے والے ہارڈوئیر ساز اداروں سے شراکت کر رہا ہے تاکہ ایمیزون ڈاٹ کام اور ایپل کی مصنوعات کو للکارا جا سکے۔
ڈیجی ٹائمز اور وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے انٹرنیٹ دیو کی پشت پناہی رکھنے والا اینڈرائڈ سافٹویر شراکت داروں بشمول سام سنگ اور اسوس ٹیک کے ہارڈوئیر کو طاقت فراہم کرے گا تاکہ آئی پیڈ اور کنڈلے آلات سے مقابلہ کیا جا سکے۔
اسوس ٹیک کا 199 ڈالر کا ٹیبلٹ جلد سے جلد مئی تک جاری کیا جا سکتا ہے تاکہ ایمیزون ڈاٹ کام کے کنڈلے فائر کی خریداری پر غور کرنے والوں کے لیے ایک اور متبادل پیدا ہو سکے۔
گوگل کی طرف سے کم قیمت ٹیبلٹ کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالنے سے دوسرے گیجٹ ساز اداروں پر بھی قیمتیں کم کرنے کے سلسلے میں دباؤ بڑھے گا۔ گوگل نے اے ایف پی کی طرف سے تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔