اوساکا: اوساکا کے مئیر تورو ہاشیموتو اور ٹوکیو کے گورنر شینتارو اشی ہارا نے بدھ کو اوساکا کے ایک ہوٹل میں ملاقات کی۔
اہلکاروں نے کہا کہ اشی ہارا نے ہاشیموتو کو دعوت دی تھی کہ اگر ان کے پاس وقت ہو تو ساتھ لنچ کریں۔
میٹنگ کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم بدھ کی رات ٹی وی میڈیا کے لگائے گئے اندازوں کے مطابق اشی ہارا نئی پارٹی پر ہاشیموتو کا موقف جاننے کی کوشش کر رہے تھے، جو کہ اشی ہارا اس ماہ کے آخر میں حکمران ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کی چھوٹی اتحادی جماعت پیپلز نیو پارٹی کے سربراہ شیزوکی کامےئی اور اپوزیشن جماعت سن رائز پارٹی کے سربراہ تاکیو ہیرنوما کے ساتھ مل کر قائم کرنے جا رہے ہیں۔
نئی جماعت جس کا نام نیو سن رائز پارٹی ہو گا، کو حکمران ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان اور اپوزیشن پارٹیوں کے شاکی اراکین کی حمایت حاصل ہونے کا امکان ہے۔ پچھلے نومبر کے انتخابات کے بعد سے ہاشیموتو نے اوساکا کے صوبائی اور شہری انتظامی افعال کو یکجا کرنے کی طرف پیش قدمی کی ہے تاکہ ایک نیا اوساکا تشکیل دے کر ٹوکیو اور دنیا کے دوسرے بڑے شہروں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
ہاشیموتو نے اس سے قبل عندیہ دیا تھا کہ اگر مرکزی حکومت اور بڑی سیاسی جماعتوں نے اوساکا کے دوہرے انتظامی افعال کو یکجا کرنے کے ان کے منصوبے کی حمایت نہیں کی (جس کے لیے مقامی آزادی کے قانون میں ترمیم کی ضرورت ہے) تو وہ اِشِن نو کائی کو بڑی سیاسی جماعت بنائیں گے۔