ٹوکوی: ٹوکیو الیکٹرک پاورکو (ٹیپکو) نے جمعے کو کہا کہ اس کے 460 ملازمین نے 31 مارچ کو ختم ہونے والے مالی سال 2012 میں رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی درخواست دی۔
یہ تعداد عمومی تعداد سے ساڑھے تین گنا زیادہ تھی۔ نیوز کانفرنس میں موجود اہلکاروں کے مطابق، صرف مارچ کے مہینے میں 100 ملازمین نے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لی۔
ملازمین کی بڑھتی ہوئی ریٹائرمنٹ کی بتائی جانے وجوہات میں ان کے اہل خانہ کو دی جانے والی دھمکیاں اور ڈراوے شامل ہیں جو پچھلے سال کے سونامی کے بعد فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر پر ہونے والے حادثے پر ٹیپکو کے ناکافی ردعمل سے ناخوش لوگ دے رہے ہیں۔ دوسری سب سے بڑی وجہ کاروبار کے مستقبل پر چھائے ہوئے مایوسی کے بادل ہیں۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی میں مورال کم ہے جہاں موجودہ ملازمن کمپنی کی ملازم فراہم کرنےکی صلاحیت کے مستحکم ہونے کے بارے میں زیادہ سے زیادہ فکرمندہو رہے ہیں۔
ٹیپکو نے اس ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ ایگزیکٹوز کی سالانہ آمدن میں سے 25 فیصد جبکہ باقی تمام ملازمین کی تنخواہ میں سے 20 فیصد کاٹ رہا ہے۔ اس نے مزید کہا تھا کہ وہ اس سال بونس بھی ادا نہیں کرے گا۔