ٹوکیو: سونی نے جمعرات کو کہا کہ وہ رواں مالی سال میں دس ہزار ملازمتیں ختم اور تنظیم نو کے سلسلے میں 75 ارب ین کے اخراجات کرے گا، چونکہ الیکٹرونکس اور انٹرٹینمٹ کا دیو سونی اپنے بڑے پیمانے کے نقصانات پر قابو پانے میں مصروف ہے۔
“مجموعی طور پر سونی گروپ میں ہم دس ہزار ملازمتیں ختم ہونے کی توقع کر رہے ہیں،” کمپنی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا جب اس کے نئے چیف کازوؤ ہیرائی نے معروف فرم کو ترقی کے راستے پر واپس گامزن کرنے کے سلسلے میں اپنے منصوبوں کا اعلان کرنے کے لیے ایک نیوز کانفرنس کا انعقاد کیا۔
ہیراری، جنہوں نے ویلز نژاد امریکی چیف ایگزیکٹو ہاورڈ سٹرنگر کی جگہ لی ہے، نے کہا کہ وہ سونی کے مشکلات کا شکار ٹیلی وژن یونٹ کے خسارے کو ہدف بنائیں گے، جو کہ فرم کے مطابق 2015 تک 8.5 ٹریلین ین کی فروخت اور 2014 تک منافع کی طرف واپسی کا عزم کر رہا ہے۔
ملازمتوں میں ہونے والی تازہ ترین کمی، جو سونی کی مجموعی ورک فورس کا چھ فیصد بنتی ہے، دسمبر 2008 میں عالمی مالیاتی بحران کے دوران کیے جانے والے تنظیم نو کے اعلان کے تحت عمل میں آئی ہے جب کمپنی کو پوری دنیا میں سولہ ہزار ملازمتیں ختم کرنا پڑی تھیں۔ کمپنی اب بھی الیکٹرونکس پرزہ جات کے ذریعے معقول منافع کما رہی ہے۔