ایواتے: پولیس نے جمعے کو کہا کہ انہوں نے ایک آدمی کو اپنی بیوی کو مبینہ طور پر ہتھوڑے سے قتل کرنے کے جرم میں زیر حراست لیا ہے۔
یہ آدمی جس کی شناخت 34 سالہ جونیچی کوماگائی، سکنہ یاہادا، کے طور پر ہوئی ہے، نے جمعرات کی سہ پہر مبینہ طور پر اپنی 30 سالہ بیوی کاؤری کوماگائی کو سر میں 20 سینٹی میٹر لمبا ہتھوڑا مارنے کے بعد پولیس کو کال کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسے فوراً ہسپتال لے جایا گیا اور کوماگائی کو ابتدائی طور پر اقدام قتل کے الزام میں زیر حراست لیا گیا۔ کاؤری کا ہسپتال میں قریباً چار گھنٹے تک علاج کیا گیا جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئی۔ پولیس نے کہا کہ جمعے کو اقدام قتل کے الزام کو قتل کے الزام سے بدل دیا گیا۔
اس جوڑے کے ہمسائیوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کے خیال میں جونیچی کوماگائی ایک تشدد پسند آدمی تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کاؤری کوماگائی اس سے قبل گھریلو تشدد کے کیسوں میں مدد کے حصول کے لیے دو بار پولیس اسٹیشن آئی تھی۔
کوماگائی نے پولیس کو بتایا کہ وہ حملہ کرتے وقت اپنے ہوش و حواس میں نہیں تھا۔