سان فرانسسکو: فیس بک نے دنیا کی سب سے بڑی آنلائن کمیونٹی کے اراکین کو مزید تصاویر، پوسٹس، پیغامات اور دوسرا ڈیٹا اپنے ساتھ گھر لے جانے کی اجازت دینا شروع کر دی ہے۔
فیس بک نے ان اطلاعات کی اقسام بڑھا دی ہیں جو اس کے 84.5 کروڑ صارفین اپنے ذاتی اکاؤنٹس کی ہسٹری سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں، جبکہ ان نئی شامل کردہ اقسام میں دوستی کی درخواستیں اور لاگ ان کرنے کے لیے استعمال شدہ کمپیوٹرز کے آئی پی ایڈریسوں جیسا ڈیٹا بھی شامل ہے۔
“یہ فیچر آہستہ آہستہ تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا اور مستقبل میں اطلاعات کے مزید زمرے ڈاؤنلوڈ کے لیے دستیاب ہوں گے،” فیس بک نے یورپ میں اپنے پبلک پالیسی کے صفحے پر کہا۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والی نمبر ایک انٹرنیٹ کمپنی نگران اداروں، ممبران اور حقوق تحفظ صارفین کے گروپوں کو یقین دلانے کی کوشش کر رہی ہے، جو اس بارے فکرمند ہیں کہ آخر لوگوں کو فیس بک پر کتنی پرائیویسی اور ذاتی معلومات پر کتنا کنٹرول حاصل ہے۔