واشنگٹن: ایک امریکی سینیٹر رون ویڈن کے پیر کے بیان کے مطابق جاپان کو، امریکی حکومت کی مدد کے ساتھ، سونامی زدہ فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کی خطرے والی جگہ سے استعمال شدہ ایندھنی سلاخوں کو پرے لے جانے کی ضرورت ہے۔
سینٹ انرجی کمیٹی کے سینئر ڈیموکریٹک سینیٹر ویڈن نے 6 اپریل کو فوکوشیما پلانٹ کا دورہ کیا اور کہا کہ نقصان ان کی توقعات سے کہیں بدتر تھا۔
“اپنے دورے کے دوران آفت سے ہونے والے نقصان کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے بعد مجھے اس المیے کی شدت اور مسلسل خطرات اور چیلنجز کا جس طرح اندازہ ہوا ہے وہ اخباری رپورٹیں پڑھ کر کبھی نہ ہو پاتا،” ویڈن نے امریکہ کے لیے جاپانی سفیر اچیرو فوجیساکی کو ایک خط میں کہا۔
پچھلے مارچ کو زلزلے کے بعد آنے والے سونامی نے فوکوشیما پلانٹ کو ادھیڑ ڈالا تھا، جس کی وجہ سے 25 سال میں دنیا کا بدترین ایٹمی حادثہ رونما ہوا اور ایٹمی بجلی گھروں کے محفوظ ہونے پر عالمی خدشات نے سر اٹھایا۔
ویڈن نے کہا کہ وہ سمندر کے ساتھ واقع نقصان زدہ تالابوں میں استعمال شدہ ایندھنی سلاخوں کی موجودگی پر سب سے زیادہ پریشان ہیں، اور انہوں نے جاپانی حکومت کو ترغیب دی کہ وہ کوئی اور زلزلہ آنے کی صورت میں مزید تابکار مادے کے اخراج کو روکنے کے لیے عالمی مدد قبول کر لے۔
قانون ساز نے سیکرٹری آف اسٹیٹ ہیلری کلنٹن، انرجی سیکرٹری اسٹیون چو اور اعلی امریکی ایٹمی نگران گریگوری جاکزکو کو بھی خط لکھ کر کہا کہ وہ ایسے طریقے تلاش کریں جن کے ذریعے جاپان کو مسئلہ حل کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔