چِپ کے ذریعے اسمارٹ فون دیواروں، کپڑوں کے آر پار دیکھ سکیں گے

سان فرانسسکو: ٹیکساس یونیورسٹی کے محققین نے ایک ایسی چپ تیار کی ہے جو افسانوی کردار سپر مین کی دیواروں اور کپڑوں کے پار دیکھنے کی صلاحیت اسمارٹ فونز کو عطا کر سکتی ہے۔

ڈلاس میں واقع ٹیکساس یونیورسٹی کی ایک ٹیم نے ایک ننھی، ارزاں مائیکرو چپ کو “ٹیرا ہرٹز” برقی مقناطیسی طیف کی لہروں کو پہچاننے کے قابل بنایا۔

یہ ڈیزائن کمپلینٹری میٹل آکسائیڈ سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے بنی ہوئی چپس کے لیے کام کرتا ہے جو ذاتی کمپیوٹروں، اسمارٹ فونز، ٹیلی وژن اور ویڈیو گیم کنسولز میں استعمال ہونے والے پروسیسرز کے پیچھے عام استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی ہے۔

“سی ایم او ایس سستی ہے اور بہت سی چِپس بنانے میں استعمال ہو سکتی ہے،” الیکٹریکل انجینئرنگ کے پروفیسر کینتھ او نے کہا۔

“سی ایم او ایس اور ٹیرا ہرٹز کے مجموعے کا مطلب ہے کہ آپ اس چپ اور ٹرانسمیٹر کو کسی سیل فون کی پیچھے لگا کر ایسے جیبی آلے میں بدل سکتے ہیں جو چیزوں کے آر پار دیکھ سکتا ہے۔”

یونیورسٹی کے مطابق، پرائیویسی پر اٹھنے والے اعتراضات کی شدت کم کرنے کے لیے ٹیکساس اینالاگ سنٹر آف ایکسیلنس میں پروفیسر اور ان کی ٹیم اپنی تحقیق کو صرف یہاں تک محدود رکھ رہے ہیں جو جو چِپس کو چار انچ (10 سینٹی میٹر) یا اس سے کم فاصلے پر چیزوں کو قابل دید بنانے کی صلاحیت عطا کر سکتی ہے۔

برقی مقناطیسی لہروں کا ٹیرا ہرٹز طیف موبائل فون کے سگنلز کے لیے استعمال کی جانے والی خرد موجوں اور اندھیرے میں دیکھنے والے چشموں کے لیے زیر استعمال آنے والی زیریں سرخ (انفرا ریڈ) لہروں کے بین بین آتا ہے۔

پروفیسر او کی ٹیم کی طرف سے ڈیزائن کردہ چِپ ٹیرا ہرٹز لہروں کا سراغ لگا کر اس کا نتیجہ تصویر کی صورت میں پیش کر سکتی ہے، جو کسی اسمارٹ فون کی اسکرین بھی ہو سکتی ہے۔

او کی ٹیم نے اس کے ممکنہ طبی استعمالات پر روشنی ڈالی جیسا کہ ڈاکٹروں کو باآسانی مریضوں کے جسم میں جھانکنے کی صلاحیت دینا یا دیوار میں کوئی چیز دریافت کرنے جیسے عملی مقاصد۔

“ہم نے ایسے طریقہ کار تشکیل دئیے ہیں جو اس سے قبل برقی مقناطیسی طیف کے اس حصے کے صارفی استعمال کے لیے چھیڑے نہیں گئے تھے،” او نے کہا۔

“ابھی کئی طرح کی چیزیں موجود ہیں جو اس کے ذریعے کی جا سکتی ہیں جن کے بارے میں ابھی ہم نے سوچا بھی نہیں۔”

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.