ٹوکیو: ہنڈا موٹرکو نے دنیا کی پہلی ایسی ٹیکنالوجی کی کامیاب تیاری کا اعلان کیا ہے جو ممکنہ ٹریفک جام کا پتا لگا سکے گی اور تخمینہ لگا سکے گی کہ آیا گاڑی چلانے کا پیٹرن ٹریفک جام تخلیق کر سکتا ہے یا نہیں۔ آزمائشی نتائج سے پتا چلا ہے کہ اس نظام نے اوسط رفتار 23 فیصد تک بڑھانے میں مدد دی اور پیچھے آنے والی گاڑیوں کی کارکردگی میں قریباً 8 آٹھ فیصد کا اضافہ کیا۔
اس ٹیکنالوجی کو مارکیٹ میں لانے کے عزم کے ساتھ ہنڈا اس ٹیکنالوجی کی سڑک پر اولین آزمائشوں کا آغاز اٹلی میں اس سال مئی اور جون سے کرے گا، تاکہ ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ کم سے کم کرنے میں ٹیکنالوجی کے موثر پن کی تصدیق ہو سکے۔
ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ پر تازہ ترین معلومات کو بنیاد بنا کر ڈرائیور کو موجودہ رش والے علاقوں سے بچنے کی اطلاع دینے کی بجائے یہ نظام گاڑی کے اسراع اور ابطا (رفتار میں کمی و زیادتی) کے پیٹرنز کا تجزیہ کرتے ہوئے یہ اندازہ لگانے کی کوشش کرتا ہے کہ آیا گاڑی ٹریفک جام یا رش پیدا کر سکتی ہے یا نہیں۔