نور محمد جادمانی سفیرِ پاکستان یا سفیرِ بھٹو خاندان؟؟؟ناصر ناکاگاوا

نور محمد جادمانی سفیرِ پاکستان یا سفیرِ بھٹو خاندان؟؟؟ناصر ناکاگاوا
جاپان میں متعین سفیرِ پاکستان نور محمد جادمانی صاحب ہیں جو اپنی تعیناتی کے روزِ اول سے ہی سفیرِ پاکستان نہیں بلکہ سفیرِ بھٹو خاندان کے فرائض انجام دے رہے ہیں
جاپان میں سفیر پاکستان کے روئیے سے پاکستانی کمیونٹی میں سخت مایوسی ، سفیر پاکستان نے ریاست پاکستان کی نمائندگی کے بجائے پیپلز پارٹی کی نمائندگی شروع کردی ، ایک سیاسی تنظیم کی زبردست حمایت کے باعث پوری پاکستانی کمیونٹی میں زبردست احساس محرومی پیدا ہوگیا جاپان میں بحیثیت سفیر اپنی تعیناتی کی مدت ختم ہونے کے باعث اپنی مدت تعیناتی میں توسیع کے لیئے بشریٰ اعتزاز کی خوش آمد شروع، پاکستانی کمیونٹی کی اہم تنظیم کی جانب سے حکومت پاکستان کو سفیر پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کرنے کا فیصلہ
وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر کے دورۂ جاپان کے موقع پر جاپان میں مقیم متعدد تنظیمیں اور شخصیات نور محمد جادمانی کے خلاف احتجاج کریں گی
تحریر۔ناصر ناکاگاوا
اردونیٹ جاپان یکم مئی ۲۱۰۲ئ؁
دنیا کے مہذب ممالک اپنے ملک کی صحیح نمائندگی کے لئے ناصرف اعلیٰ تعلیمِ یافتہ بلکہ سفارتی صلاحیتوں سے بھرپور اور غیر جانبدار محبِ وطن لوگوں کو ہی اپنے ملکی سفارت جیسے اہم امور کا نگران منتخب کرتی ہے ۔مگر بد قسمتی وطنِ عزیز میں حکمران جماعتیں صرف ایسے لوگوں اس اعلیٰ منصب کے لیے چنتی ہیں جودیارِ غیر میں ملک کے لئے نہیں بلکہ انکی جماعت کے لئے کام کر سکے ، اس کی تازہ ترین مثال جاپان میں متعین سفیرِ پاکستان نور محمد جادمانی صاحب ہیں جو اپنی تعیناتی کے روزِ اول سے ہی سفیرِ پاکستان نہیں بلکہ سفیرِ بھٹو خاندان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔جاپان میں تعینات پاکستان کے سفیر نور محمد جادمانی کے انتہائی جانبدارانہ روئیے کے باعث جاپان میں پاکستانی کمیونٹی میں سخت احساس محرومی پیدا ہوگیا ہے ، اور سفیر پاکستان نے جاپان میں ریاست پاکستان کی نمائندگی کے بجائے پیپلز پارٹی پارٹی بحیثیت سیاسی جماعت نمائندگی شروع کرتے ہوئے تمام دیگرسیاسی جماعتوں سماجی تنظیموں اور پاکستانیوں کو نظر انداز کرنا شروع کردیا ہے ، اس حوالے سے اہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سفیر پاکستان جاپان میں اپنی تعیناتی کی تین سالہ مدت ختم کرنے کو ہیں تاہم پیپلزپارٹی کی اہم شخصیت اعتزاز احسن کی اہلیہ جو آجکل جاپان کے دورے پر ہیں کو زبردست پروٹوکول دیکر سفیر پاکستان جاپان میں اپنی تعیناتی میں ایک سال کی توسیع کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے سفیر پاکستان کی جاپان میں توسیع کی کوششوں کی شدید مذمت کرنے کا فیصلہ کیاہے ، جس کے تحت وزیر خارجہ پاکستان ، سیکریٹری خارجہ پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خطوط تحریر کئے جائیں گے ، تاکہ سفیر پاکستان اپنی مدت مکمل کرکے واپس پاکستان جائیں ، اور ایسی شخصیت کو جاپان میں سفیر کے طور پر تعینات کیا جائے جو ہر پاکستانی کو برابری کی بنیا د پر برت سکے ، واضح رہے کہ ایک سماجی تنظیم پہلے ہی سفیر پاکستان کی پاکستان کی اعلیٰ ترین شخصیت سے شکایت کرچکی ہے تاہم سفیر پاکستان اپنے اثر وسوخ کے باعث اپنی تعیناتی میں توسیع کرانے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں ۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر کے دورۂ جاپان کے موقع پر جاپان میں مقیم متعد د تنظیمیں اور شخصیات نور محمد جادمانی کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گی۔گزشتہ دنوں سانو سٹی میں کرکٹ کے انعقاد پر سفیرِ پاکستان نور محمد جادمانی نے جس جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے اس پر جاپان میں میقم ہر مکتبہ فکر کے لوگ انگشتِ بدندہ ہیں، نور محمد جادمانی صاحب جاپان جیسے اہم ملک میں متعین ہیں جہاں انھوں نے پاکستان کا سفیر نہیں بلکہ بھٹو خاندان کا سفیر ہونے کی ایک اعلیٰ مثال قائم کر دی ہے ، انکے اس رویئے پر دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں میں سخت مایوسی اور برہمی پائی جاتی ہے ،کمیونٹی کا مطالبہ ہے کہ ایسے سفیر کی مدتِ ملازمت میں توسیع کرنا پاکستانی عوام کو دیارِ غیر میں مایوس کرنے اور مستقبل میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی شہ دینے کے مترادف ہے ، جاپان جیسے مملک کے سفراء کبھی بھی دیارِ غیر میں اپنے ملک کی حکمران جماعتوں کی نمائندگی نہیںکرتے بلکہ وہ صرف اور صرف جاپان اور اسکی عوام کے سفیر ہوتے ہیں۔مجھے امید ہے کہ نور محمد جادمانی صاحب کو جاپان کے بعد پی پی پی کے حکمران انھیں انکی اعلیٰ خدمات کے عوض امریکہ میں سفارت کے فرائض سونپیں گے ۔
نوٹ: اخبار کا اس تنقید یا اس تنقید کے پس پرده مفادات سے اتفاق نهیں ہے

2 comments for “نور محمد جادمانی سفیرِ پاکستان یا سفیرِ بھٹو خاندان؟؟؟ناصر ناکاگاوا

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.