ٹوکیو: ڈولفن کا شکار کرنے والا جاپان کا قصبہ تاجی، جسے آسکر جیتنے والی ڈاکیومنٹری فلم ‘دی کوو’ (کھاڑی یا خلیج والا) نے بدنام کیا، بحری ممالیوں کا ایک پارک کھولنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جہاں ملاحظہ کرنے والے سمندری مخلوق کے ساتھ تیر سکیں گے۔
قصبہ اپنی کھاڑی کا ایک حصہ الگ کر کے اسے ایسی جگہ میں تبدیل کرنا چاہ رہا ہے جہاں لوگ چھوٹی وہیلوں اور ڈولفنوں کے ساتھ تیر سکیں گے اور کائیک (ایک قسم کی چھوٹی کشتی) پر سواری کر سکیں گے، جبکہ اسے “میرین سفاری پارک” کا نام دیا جائے گا۔
کھاڑی ہر سال اجتماعی قتل عام کی تصویر پیش کرتی ہے جب تاجی کے مچھیرے ڈولفنوں کو ہانک کر اکٹھا کرتے ہیں، ان میں سے چند درجن کو ایکوریم اور میرین پارکس میں فروخت کے لیے منتخب کرتے ہیں، اور باقیوں کو گوشت کے حصول کے لیے زخم لگا لگا کر مار دیتے ہیں یہاں تک کے پانی سرخ ہوجاتا ہے۔
2009 کی فلم “دی کوو” خونی قتل عام کی منظر کشی کر کے تاجی کو ساری دنیا کی نگاہوں میں لے کر آئی تھی، جس کے بعد اس نے اگلے سال آسکر ایوارڈ جیتا۔