چیبا: پولیس نے جمعے کو کہا کہ اُرایاسو، صوبہ چیبا کے ایک اپارٹمنٹ سے ملنے والی 23 سالہ خاتون نرس کی لاش کے پوسٹ مارٹم سے پتا چلا ہے کہ اسے قاتل نے اس قدر طاقت سے قتل کیا، جو ان کے خیال میں قتل کرنے کی کسی ذاتی وجہ کا شاخسانہ ہی ہو سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق، کانائے ہاسیگاوا اپنے 23 سالہ سابقہ بوائے فرینڈ کے اپارٹمنٹ پر پیر کو سبزی کاٹنے والی چھری سے ملتے جلتے ایک ہتھیار سے گھائل مردہ حالت میں پائی گئی تھی۔ آدمی نے پولیس کو بتایا کہ ہاسیگاوا نے گولڈن ویک اس کے ساتھ گزارنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اُس نے اتوار کی سہ پہر اپارٹمنٹ کے میل بکس میں اِس کے لیے چابیاں چھوڑ دیں، چونکہ اُس نے خود اتوار کی رات ایک دوست کے ساتھ گزارنے کا ارادہ کیا ہوا تھا۔
آدمی پیر کی صبح گھر واپس آیا اور ہاسیگاوا کو اپنے بستر پر سینے میں زخم لیے خون میں لت پت لیٹے پایا تو آٹھ بجے کے قریب 110 پر کال کی۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن تھوڑی ہی دیر بعد مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس نے کہا کہ اس پر شدید طاقت کے ساتھ سینے کے بائیں جانب وار کیے گئے تھے، جس سے چاقو کا پھل کئی پسلیاں توڑتا ہوا اس کے پھیپھڑوں اور دل تک پہنچ گیا۔