ٹوکیو: اتوار کی صبح جاپان کے آخری چلتے ایٹمی بجلی گھر کی بندش اور عوام کو درجنوں ری ایکٹر دوبارہ چلانے پر آمادہ کرنے میں حکومتی ناکامی نے دنیا کی تیسری بڑی معیشت کو ایک اور موسم گرما شدید لوڈ شیڈنگ کے سائے میں گزارنے پر مجبور کر دیا ہے۔
ہوکائیدو الیکٹرک پاور کو نے اپنا آخری ایٹمی بجلی گھر -جو جاپان کے 54 ری ایکٹروں میں سےچلنے والا آخری تھا- بند کر دیا اورجاپان 1970 کے بعد پہلی مرتبہ ایٹمی توانائی سے پاک ہو گیا ہے۔
جاپان کی 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت نے عشروں تک ایٹمی توانائی پر انحصار کیا ہے، جہاں اس کے ری ایکٹرز ضروریات کے 30 فیصد تک بجلی مہیا کرتے رہے ہیں، تاہم پچھلے سال کے بڑے پیمانے کے زلزلے اور اس کے بعد ایٹمی بحران نے ایٹمی توانائی کے خلاف عوام ردعمل کو مہمیز دی۔
آساہی اخبار نے کہا کہ عوامی جذبات “پریشانی کی وجوہات کے مابین ڈول رہے تھے” – ایٹمی توانائی پر پیدا شدہ حفاظتی خدشات اور جاپان کے اس کے بغیر رہ پانے پر پیدا شدہ شبہات۔
فیڈریشن آف پاور کمپنیز آف جاپان نے کہا کہ پچھلی بار جاپان مئی 1970 میں ایٹمی توانائی سے محروم ہوا تھا، جب ملک کے اس وقت چلنے والے دونوں ایٹمی ری ایکٹر دیکھ بھال کے لیے بند تھے۔