سان فرانسسکو: ایک مقامی اٹارنی نے منگل کو کہا کہ کیلیفورنیا میں تعینات ایک جاپانی سفارتکار پر اپنی بیوی پر گھریلو تشدد کا الزام لگایا گیا ہے اور اسے 20 سال تک کی جیل ہو سکتی ہے۔
سان فرانسسکو میں جاپان کے نائب قونصل یوشیاکی ناگایا پر 17 سنگین جرائم، 14 گھریلو تشدد اور تین حملوں کا الزام ہے، جن میں اپنی بیوی کو پیچ کس سے گھائل کرنے اور دانت توڑنے کے الزامات بھی شامل ہیں۔
سان ماتیو کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی اسٹیفن واگستافے نے کہا کہ 32 سالہ سفارتکار نے پیر کو عدالت میں صحت جرم سے انکار کیا، اور اسے 350,000 ڈالر زر ضمانت پر رہا کر دیا گیا، جبکہ اٹانی نے مزید اضافہ کیا کہ مبینہ جرائم جنوری 2011 سے مارچ 2012 کے مابین رونما ہوئے۔
“تشدد میں دھکا دینے اور دھکم پیل کرنے سے لے کر اوپر تک زخم لگانے اور سنگین ترین جرم یعنی دانت نکال دینے تک کے افعال شامل تھے۔”
سان فرانسسکو میں جاپان کے قونصلیٹ جنرل کے ڈپٹی قونصل میچیو ہارادا نے کہا کہ ناگایا مزید تفصیلات آنے یا ٹوکیو کی طرف سے فیصلہ کیے جانے تک عملے میں شامل رہے گا۔
“اگر یہ الزامات درست ہیں، تو یہ یقیناً بہت ہی افسوسناک ہو گا، تاہم ہم دیکھنا چاہیں کہ عدالتی کاروائی کیسے آگے بڑھتی ہے اور حتمی نتیجہ کیا نکلتا ہے،” انہوں نے اے ایف پی کو بتایا۔