ٹوکیو: توشیبا نے جمعرات کو ملکی الیکٹرونکس منڈیوں میں کم طلب، گرتی قیمتوں، عالمی مقابلے بازی اور مہنگے ین کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اس نے جاپان میں ٹیلی وژنوں کی پیداوار بند کر دی ہے۔
ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا، آئی ٹی اور انجینئرنگ کی صنعتوں سے منسلک کمپنی نے ٹوکیو کے نزدیک واقع فوکویا میں اپنے بچ جانیوالے آخری ٹی وی پلانٹ پر مارچ کے اواخر میں پیداوار بند کر دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ریگزا برانڈ کے ٹیلی وژن بنانیوالے توشیبا نے اپنی ٹیلی وژن کی پیداوار چین، انڈونیشیا، مصر اور پولینڈ میں واقع فیکٹریوں میں منتقل کر دی ہے، جبکہ انہوں نے مزید کہا: مقامی طلب میں کمی اس کی وجہ ہے۔
یہ تازہ ترین اقدام جاپان کی کبھی دنیا میں نمبر ایک سمجھی جانے والی الیکٹرونکس فرموں کم ہوتی خوش قسمتی کو نمایاں کرتا ہے۔
مقامی طور پر ٹیلی وژن کی طلب پچھلے سال جولائی میں بڑھی تھی جب ملک نے اینالاگ نشریات کو بند کیا تھا، جس کی وجہ سے قریباً تمام گھریلو اور کارپوریٹ صارفین نے ڈیجیٹل نشریات وصول کرنے والے نئے ٹی وی خریدے۔
“ان واقعات کے بعد مقامی طلب گر گئی اور ہم نے بھی پیداوار اسی حساب سے کم کر دی، جو مکمل بندش تک پہنچ گئی،” توشیبا کے ترجمان نے کہا۔
جاپانی حریف ہیٹاچی، جس نے اس سے قبل ٹیلی وژن سیٹوں کی مقامی پیداوار بند کر دی تھی اور کاروبار کو بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر مرکوز کر دیا تھا، نے کہا کہ وہ رواں سال کے دوران بڑے آپریٹنگ منافع کی توقع کر رہا ہے۔