ٹوکیو: معالجین چشم کی جاپانی سوسائٹی نے منگل کو اپنی ویب سائٹ پر اطلاع دی کہ پیر کو حلقہ نما سورج گرہن دیکھنے کے بعد پورے جاپان کے 18 صوبوں میں کم از کم 74 لوگوں نے بینائی میں مسئلہ آنے پر امراض چشم کے کلینکس سے رابطہ کیا۔
ڈاکٹروں اور تعلیمی ماہرین نے خبردار کیا تھا کہ غیر مناسب انداز میں گرہن بینی سے آنکھوں میں زخم آ سکتے ہیں۔ وزیر تعلیم ہیروفومی ہیرانو نے ویک اینڈ پر ایک ٹی وی شو میں گرہن دیکھنے کے خصوصی چشموں کا عملی استعمال کر کے بتایا تھا۔
سوسائٹی نے کہا کہ زیادہ تر شکایات پردہ چشم (ریٹینا) کے غیر سوزشی مرض سے متعلق تھیں جس کی وجہ حفاظی چشموں کا مناسب انداز میں استعمال نہ کرنا تھا۔ 74 میں سے 16 بچے تھے جن کی عمر 12 سال سے کم تھی۔