کیوبک سٹی: عالمی اولمپک کمیٹی کے صدر جیکوئس روگی نے جمعرات کو کہا کہ جاپان کی پھڑپھڑاتی بجلی کی سپلائی 2020 کے کھیلوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
“ہم جانتے ہیں کہ فوکوشیما کی آفت کا بجلی کی سپلائی پر اثر پڑا ہے، چونکہ ایٹمی بجلی بند کر دی گئی ہے چناچہ زیادہ کھپت کے اوقات میں بجلی کی کمی پیدا ہو سکتی ہے،” روگی نے کہا۔
“اولمپک کمیٹی (اس سلسلے میں) ارتقاء کا جائزہ لے گی اور ہمیں اعتماد ہے کہ جاپان اس کا کوئی حل نکال لے گا۔” “وہ دنیا کی سب سے اہم معیشتوں میں سے ایک ہیں، چناچہ ہمیں امید ہے کہ وہ اس سے نپٹ سکتے ہیں۔”
کم وسائل رکھنے والا ملک یعنی جاپان اپنی بجلی کی ضروریات کا ایک تہائی ایٹمی بجلی سے حاصل کیا کرتا تھا لیکن پچھلے سال کے زلزلے و سونامی سے فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر پر ہونے والے پگھلاؤ نے محتاط عوام میں ایٹمی توانائی کے خلاف شدید جذبات پیدا کر دئیے۔
جاپان کے 54 تجارتی ری ایکٹر تمام کے تمام بند پڑے ہیں، اور انہیں کب چلایا جائے گا یا چلایا جائے گا بھی یا نہیں، یہ ابھی تک غیر یقینی ہے۔
پچھلے ہفتے جاپان کی حکومت نے ملک کے گھریلو اور کاروباری صارفین سے اپیل کی تھی کہ وہ توانائی کے استعمال میں 15 فیصد تک کمی کریں جس کی وجہ یہ خوف تھا کہ ایٹمی پلانٹس کی بندش کی وجہ سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ پیدا ہو گا۔