ٹوکیو: ٹوکیو کے ایکیوریم میں سے مارچ کےآغاز سے بھاگا ہوا پینگوئن جمعے کو دریا کنارے سے پکڑے جانے کے بعد اب ایکیوریم کی زندگی میں دوبارہ ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
ٹوکیو کے بحری حیات سے متعلق پارک کے 135 پالتو پینگوئن میں سے ایک ہمبولٹ پینگوئن 82 دنوں کی آزادی کے بعد دوبارہ پکڑ لیا گیا جس نے جاپان کی وسائل یافتہ کوسٹ گارڈ کو بھی مات دے دی تھی۔
ایکیوریم کے ترجمان تاکاشی سوگینو نے کہا کہ پرندے کی آزادی کے آخری لمحات ایک دریا کنارے گزرے جو اس کے گھر (ایکیوریم) سے صرف آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
جیسے جیسے اس کو پکڑنے والے آگے بڑھے، اس نے پانی میں چھلانگ لگا دی اور قریباً ایک گھنٹے بعد دریا کے دوسرے کنارے پر جا کر نکلا۔
انجام سے بے پرواہ ایکیوریم کے عملے نے دوبارہ سے کوشش کی اور اس بار متوحش پرندے تک بڑی آہستہ آہستہ پہنچے، کہ “آخری پانچ میٹر طے کرنے میں 20 منٹ لگ گئے” جس کے بعد وہ اس پر پل پڑے۔
“اسے بحفاظت پکڑ لیا گیا،” ایکیوریم نے ایک بیان میں کہا۔
فرار کے بعد اس 60 سینٹی میٹر کے پینگوئن کو دیکھے جانے کے کم از کم 30 واقعات ٹوکیو سی لائف پارک کو رپورٹ کیے گئے تھے۔
اس پرندے، جس کا ایکیوریم انتظامیہ کے مطابق کوئی نام نہیں ہے، کی تلاش کا کام مارچ کے آغاز میں شروع ہوا تھا جب اسے خلیج ٹوکیو میں بہنے والے دریا میں دیکھا گیا۔