ٹوکیو: فوکوشیما بحران کے وقت وزیر اعظم کے عہدے پر براجمان شخصیت نے کہا ہے کہ اس آفت سے قبل جاپان میں ایٹمی توانائی کی لابی دوسری جنگ عظیم سے قبل فوج کی طرح مضبوط تھی۔
25 سال میں دنیا کے بدترین ایٹمی حادثے کی پارلیمانی انکوائری کے موقع پر ناؤتو کان نے کہا کہ سونامی سے پیدا شدہ آفت کا سب سے بڑا قصور ریاست کو جاتا ہے جس نے ایٹمی توانائی کے فروغ پر ذرا سا بھی سوال نہ اٹھایا۔
“ایٹمی حادثہ ایک ایسے ایٹمی پلانٹ کی وجہ سے پیش آیا جسے قومی پالیسی کے تحت چلایا جاتا تھا،” کان نے کہا۔
“میرا یقین ہے کہ سب سے بڑا قصور ریاست کا ہے،” سابقہ وزیر اعظم نے کہا، جو پچھلے سال مارچ میں فوکوشیما بحران کے بعد اس ٹیکنالوجی کے شدید مخالف کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا لیکن “ایٹمی گاؤں” -ایک اصطلاح جسے ناقدین ایٹمی توانائی نواز علمی ماہرین اور پاور کمپنیوں کی لابی کے لیے استعمال کرتے ہیں- نے حکومت کو اس طرح اندھا کر دیا تھا جس طرح جنگ عظیم دوم سے قبل طاقتور فوجی اشرافیہ کے عروج نے جاپان کو اندھا کر دیا تھا، جس کا نتیجہ بدترین نوآبادیاتی تسلط کی صورت میں نکلا جس سے جاپان جنگ میں ملوث ہوا۔
“جنگ سے قبل اصل سیاسی طاقت پر فوج کا قبضہ ہو گیا تھا، اسی طرح پلانٹ آپریٹر ٹیپکو اور ایف ای پی سی (فیڈریشن آف الیکٹرک پاور کمپنیز آف جاپان) نے 40 برس تک ملک کی ایٹمی توانائی سے متعلق انتظامیہ پر اپنا قبضہ برقرار رکھا”، کان نے کہا۔
“انہوں نے ایٹمی توانائی پر تنقید کرنے والے ماہرین، سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو مرکزی دھارے سے نکال باہرکیا۔”