ٹوکیو: کیش کی کمی کا شکار جاپانی حکومت حکومتی بانڈز کی فروخت کے لیے بے پناہ مقبول میوزک گروپ اے کے بی 48 کی مدد لے رہی ہے، چونکہ کم منافع والے ان کاغذات میں عوامی دلچسپی کم ہو رہی ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا کہ لڑکیوں پر مشتمل یہ پاپ گروپ موسم گرما میں “تعمیر نو بانڈز” مہم کی قیادت کرے گا۔ ان بانڈز کا مقصد پچھلے سال کے زلزلہ جمع سونامی کی آفت سے متاثرہ علاقوں میں چلنے والے منصوبوں کے لیے رقم کی فراہمی ہے۔
اے کے بی 48، جو دنیا کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے گروپس میں سے ایک ہے اور جس نے صرف پچھلے سال سی ڈی اور ڈی وی ڈی کی فروخت سے 200 ملین ڈالر کمائے، جاپان اور ایشیا میں ایسا مظہر ہیں جو چاکلیٹ سے لے کر موبائل فون تک کے اشتہارات میں نمودار ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل 2010 میں وزارت خزانہ نے جاپان کے حکومتی بانڈز کی فروخت بڑھانے کے لیے شوبز کی شخصیات کا سہارا لیا تھا، اور اس مہم میں یہ نعرہ اپنایا گیا تھا کہ حکومتی قرضہ خریدنے والے مرد صنف مخالف کے لیے باعث کشش ہو سکتے ہیں۔