ٹوکیو: ٹوکیو نے منگل کو کہا کہ جاپان اور چین کی کرنسیوں کی براہ راست تجارت اس ہفتے سے شروع ہو گی جو بیجنگ کی جانب سے یوآن کے مقابل ڈالر کے علاوہ کسی اور بڑی کرنسی کی تجارت کا پہلا موقع ہو گا۔
یہ اقدام، جو ڈالر کو بطور درمیانی کرنسی نکال باہر کرے گا، اس وقت سامنے آیا ہے جب چین اپنی کرنسی کو ڈالر کے مقابلے میں عالمی کرنسی بنانے کے لیے طویل مدتی اقدامات اٹھا رہا ہے۔
تاہم، ٹوکیو میں آزادانہ طور پر لین دین ہونیوالی کرنسیوں کے ساتھ کوئی فکس ریٹ نہیں ہوگا (چونکہ چین اپنی کرنسی کے آزادانہ لین دین پر سخت کنٹرول رکھتا ہے)۔
ین البتہ عالمی زرمبادلہ کی منڈیوں میں دوسری بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں آزادانہ طور پر خرید و فروخت کیا جا سکتا ہے، جن میں ڈالر بھی شامل ہے جس کی ایشیائی منڈی میں منگل کو ین کے مقابلے میں قیمت خرید 79.50 تھی۔
منگل کو بیجنگ نے ین یوآن تجارت کو “چین اور جاپان کے مابین مالیاتی منڈیوں کی ترقی اور منڈی کے اصولوں کے مطابق دونوں کرنسیوں میں باہمی طور پر براہ راست تجارت کے فروغ کو مضبوط بنانے” کی طرف “اہم اقدام” قرار دیا۔
چین نے 2010 میں جاپان سے دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا، اور دونوں پڑوسی ممالک علاقائی دعوؤں پر بکثرت سفارتی چپلقشوں اور ابھی تک موجود تاریخی دشمنیوں کے باوجود قریبی کاروباری تعلقات قائم کر رہے ہیں۔