فوکوشیما: پچھلے سال کی فصل گوداموں میں پڑی ہے چونکہ اسے کھانے کے لیے غیر محفوظ قرار دے دیا گیا تھا، لیکن توراکی اوگاتا اپنے چاول کے کھیتوں پر پھر سے واپس آ گیا ہے اور پنیری کی قطاروں کے قریب ٹریکٹرچلاتا ہے۔ وہ اپنے خاندان کے فخریہ انداز میں جی رہا ہے جس نے چھ نسلوں تک چاول کی کاشت کی ہے، اور دعا کر رہا ہے کہ اس بار اس کی کٹی ہوئی فصل میں فروخت کے حساب سے بہت زیادہ تابکاری نہ ہو۔
یہ مسئلہ فوکوشیما کے سات ہزار ہیکٹر (سترہ ہزار ایکڑ) سے زیادہ رقبے والے ہزاروں کسانوں کا مشترکہ مسئلہ ہے، جہاں پچھلے سال کی فصل مارچ 2011 کے سونامی کی کےبعد دنیا کے دوسرے بدترین ایٹمی حادثے سے خارج شدہ تابکاری کی وجہ سے حکومت کے حفاظتی معیارات سے باہر چلی گئی تھی۔
“میں بس اتنا ہی کر سکتا ہوں کہ تابکاری نہ ہونے کی دعا کروں،” 58 سالہ اوگاتا نے پچھلے ہفتے فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر سے 60 کلومیٹر دور ڈیڑھ ہیکٹر پر مشتمل اپنے کھیت میں کام کرنے کے بعد سستاتے وقت پسینہ پونچھتے ہوئے کہا تھا۔ حکومت نے ان فصلوں کو خرید لیا تھا جو اب بڑے بڑے ذخیرہ گھروں میں پڑی ہیں۔ سائنسدان اکثر فوکوشیما اور اس کے اطراف میں تابکاری پر میٹنگ کرنے کے لیے یہاں آتے ہیں، لیکن کچھ کہتے ہیں کہ کسی قسم کا کوئی صحت کا مسئلہ نہیں ہو گا، اور کچھ کہتے ہیں کہ دسیوں ہزار لوگ بیمار پڑ سکتے ہیں۔ لیکن اوگاتا اور دوسرے کسان یہ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اس مصیبت میں لمبے عرصے کے لیے پڑے ہیں۔
جاپان میں تابکاری کا سامنا کرنے کی حفاظتی حد 1 ملی سیورٹ سالانہ ہے، اگرچہ فوکوشیما کے کچھ علاقوں میں یہ حد 20 ملی سیورٹس سالانہ سے بھی زیادہ ہے۔
حکومت نے اپریل سے چاول اور دوسری خوردنی اشیاء میں تابکاری پر پابندیاں مزید سخت کر دی تھیں جو پچھلے سال مارچ میں ہنگامی طور پر 500 بیکرلز فی کلوگرام کی بجائے اب 100 بیکرلز فی کلوگرام کر دی گئیں ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تابکاری کی کم مقدار سے صحت کے خطرے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم یہ ثابت کرنا شاید ناممکن ہو کہ کسی شخص کو تابکاری کی وجہ سے کینسر ہوا ہے یا کسی اور وجہ سے۔ اس کے حل کے لیے کچھ کسان پھولوں کی کاشت کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں، جنہیں تابکاری کی جانچ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ دوسرے ٹوکیو الیکٹرک پاور کو پر ہرجانے کے لیے مقدمے کر رہے ہیں، جو فوکوشیما ڈائچی کو آپریٹ کرتا ہے۔