ٹوکیو: موبائل فون آپریٹر سافٹ بینک نے منگل کو کہا کہ وہ جلد ہی دنیا کا سب سے پہلا اسمارٹ فون متعارف کروا رہا ہے جو تابکاری سراغ گر کا حامل ہو گا۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی نے ان خدشات کو تازہ کر دیا ہے کہ جاپان کی مشرقی ساحلی پٹی پر فوکوشیما بحران کے ایک سال بعد بھی تابکاری کے ہاٹ اسپاٹ موجود ہیں۔
شمال مشرقی جاپان کے کچھ حصے اب بھی تابکاری کے اونچے درجات کی وجہ سے انسانی موجودگی کے لیے غیر مناسب ہیں۔ یہ تابکاری پچھلے سال کے بڑے پیمانے کے زلزلے و سونامی سے پیدا ہوئی جس نے فوکوشیما ایٹمی پلانٹ پر پگھلاؤ پیدا کیے اور ماحول میں تابکاری کا اخراج کیا۔
ایٹمی توانائی مخالف جذبات اپنے عروج پر ہیں، اور حمایتی گروہ ٹوکیو اور دوسرے شہروں میں مطالبہ کر رہے ہیں کہ اسکولوں اور دوسرے عوامی سہولتی مراکز پر تابکاری کی مانیٹرنگ کا بندوبست کیا جائے۔
سون، جو پچھلے سال کے زلزلے کے بعد ایٹمی توانائی کے بڑبولے ناقد اور قابل تجدید ذرائع توانائی کے وکیل بن کر سامنے آئے ہیں، نے وینڈرز اور رپورٹرز کو بتایا کہ یہ اسمارٹ فون روایتی گائیگر کاؤنٹرز کے مقابلے میں پورٹ ایبل اور صارف دوست ہے۔
سافٹ بینک جو جاپان کا نمبر 3 موبائل فون آپریٹر ہے، نے ابھی تک نئے اسمارٹ فون کی قیمت مقرر نہیں کی، تاہم سون نے رپورٹرز کو تقریب کے بعد بتایا کہ اس کی قیمت قابل خرید رینج میں ہو گی۔