ٹوکیو: پولیس اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، جاپان میں بدھ کو ایک 80 سالہ بوڑھے آدمی سے پوچھ گچھ کی جا رہی تھی جس پر اپنی بیوی کو گلا دبا کر مارنے اور پھر اس کی لاش 10 سال تک فریزر میں رکھنے کا شبہ ہے۔
ماسائیچی یامادا، جو فش پروسیسنگ کمپنی چلاتا ہے، کو کوشیرو کی شمالی بندرگاہ پر منگل کو حراست میں لیا گیا جب ایک منجمد لاش، جو ابھی تک پورے کپڑوں میں تھی، دریافت ہوئی۔
“مشتبہ نے خبیثانہ انداز میں اپنے گھر پر مقتولہ کا کسی بے جان چیز کی طرح گلہ گھونٹا اور اپنے کام کی جگہ پر اس کی لاش فریزر میں رکھ چھوڑی،” ہوکائیدو میں پولیس کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بذریعہ فون بتایا۔
اہلکار نے کہا کہ فوری طور پر یہ پتا نہیں چل سکا کہ قتل کب وقوع پذیر ہوا تھا، تاہم اس نے مزید کہا کہ اگر خاتون آج زندہ ہوتی تو اس کی عمر 71 سال ہوتی۔
اطلاعات کے مطابق، یامادا نے پولیس کے سامنے اعتراف کر لیا ہے کہ اس نے اپنے گھر پر جھگڑے کے دوران بیوی کو قتل کر ڈالا جو “2002 سے 2006 کے درمیان” کی بات ہے اور اس کی لاش کو کار کے ذریعے فیکٹری لے گیا۔
پولیس نے مرنیوالی خاتون کے بھائی کی جانب سے شکایت پر، کہ وہ کئی برسوں سے اپنی بہن سے رابطہ نہیں کر سکا ہے، یامادا کی فیکٹری کی تلاشی لی تھی۔