ٹوکیو: وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی نے اپنے منصوبے کے بارے میں مزید تفصیلات جاری کی ہیں جسے وہ ہائی اسکول کے طلبا کے لیے “فاسٹ ٹریک گریجویشن سسٹم” کا نام دیتی ہے۔ اس نئے نظام کے تحت ہائی اسکول کے غیر معمولی ذہین طلبا کو پڑھائی کے دو سال بعد یونیورسٹی کے لیے اپلائی کرنے کی اجازت ہو گی۔
نیا نظام طلباء کو یونیورسٹیوں، بشمول غیر ملکی تعلیمی اداروں، میں اپلائی کرنے میں مدد کرتا ہے اور درخواست دینے کا موقع گنوانے سے بچاتا ہے، چونکہ یہ ہائی اسکول کے فارغ التحصیل طلباء کو گریجویشن کی سند کے جلد حصول کی اجازت دیتا ہے۔
تعلیمی ماہرین نے واضح کیا ہے کہ جاپان کے ہائی اسکولوں کے طلباء پہلے ہی دو سال کے بعد یونیورسٹی میں اپلائی کرنے کے اہل تھے۔ تاہم پرانے نظام کے تحت درخواست دینے کا طریقہ کار پیچیدہ تھا، چند یونیورسٹیاں ہی جلد گریجویشن کرنے والوں کو قبول کرتی تھیں اور ایسا کرنے والے طلباء کو ہائی اسکول سے ڈراپ آؤٹ ہونے والے طلباء کے طور پر ریکارڈ کیا جاتا تھا۔ اس کے نتیجے میں بہت کم طلباء یہ راستہ اختیار کرتے تھے۔