کوماموتو: تاراگی، صوبہ کوماموتو کی پولیس نے پیر کو کہا کہ ایک 55 سالہ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر کو اتوار کو صبح آٹھ بجے کے قریب حراست میں لیا گیا جب وہ شراب پی کر ڈرائیونگ کر رہا تھا۔
یہ آدمی، جس کا نام ہیروشی ساکاتا پتا چلا ہے، اس وقت زیر حراست لیا گیا جب اس کی کار بند اشارے پر کھڑی ایک ٹیکسی کے پیچھے جا ٹکرائی۔ ساکاتا کو مے نوشی کا ٹیسٹ کرانے کو کہا گیا، جس سے اس کے خون میں 0.63 ملی گرام فی لیٹر کے حساب سے الکوحل پایا گیا۔ جاپان میں الکوحل کی قانونی حد 0.03 ملی گرام فی لیٹر ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران ساکاتا نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ ہفتے کو دن کے وسطی اوقات سے رات 9 بجے تک پیتا رہا ہے۔
کوماموتو کی صوبائی پولیس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اس نے کہا کہ ساکاتا کو اپنے رویے کے خلاف انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور یہ کہ پولیس فورس مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کے لیے اپنی پوری کوشش کرے گی۔