ٹوکیو: اپوزیشن لبرل ڈیمو کریٹک پارٹی اور نیو کومیتو پارٹی نے جمعرات کو حامی بھری کہ وہ حکمران ڈیمو کریٹک پارٹی آف جاپان کے ساتھ سوشل سیکیورٹی اور ٹیکس اصلاحات کے دو مجوزہ بلوں پر نظر ثانی کے لیے مذاکرات پر تیار ہیں۔
یہ بریک تھرو اس وقت سامنے آیا جب تینوں جماعتوں کے سیکرٹری جنرلز نے مسلسل دوسرے دن جمعرات کو بھی ملاقات کی۔
ایل ڈی پی کے لیڈر ساداکازو تانیگاکی نے کہا کہ ایل ڈی پی، ڈی پی جے کے بلوں پر نظر ثانی اور ایل ڈی پی کی تجاویز کو حتمی بلوں میں شامل کرنے پر زور دے گی۔ ایل ڈی پی چاہتی ہے کہ ڈی پی جے ویلفیئر کے سلسلے میں مہنگے اخراجات کے وعدوں سے پیچھے ہٹ جائے، جن میں خاص طور پر کم آمدن والے پنشنزز کے لیے ماہانہ ستر ہزار ین کی ادائیگی کی ضمانت شامل ہے۔
تانیگاکی نے کہا کہ ایک بار بلوں پر رائے شماری ہو گئی، تو وزیر اعظم یوشیکو نودا کو عام انتخابات کے لیے ایوان زیریں کو تحلیل کر دینا چاہیئے۔
دریں اثناء، ڈی پی جے کے بہت سے اب بھی اراکین ایل ڈی پی کو رعایات دینے کے مخالف ہیں چونکہ اس کا مطلب ہر اس وعدے سے پھرنا ہو گا جو 2009 کے انتخابات کے فتح گر منشور میں شامل تھا۔
ڈی پی جے کے سابقہ لیڈر اچیرو اوزاوا، جنہوں نے سختی سے ٹیکس بڑھانے کے بل کی مخالفت کی ہے، نے کہا کہ ایل ڈی پی کے سامنے جھکنے کا مطلب جمہوری عمل کو تباہ کرنا ہو گا۔