ٹوکیو: منگل کی اطلاعات کے مطابق، جاپان کے مالیاتی خدمات کے وزیر ایک ٹیبلائڈ میگزین کی اسٹوری، جس میں اس نے 73 سالہ وزیر کے ایک اور خاتون کے ساتھ ملوث ہونے کا راز فاش کرنے کا اعلان کیا تھا، کے منظر عام پر آنے سے دو دن قبل ہی بظاہر خودکشی کے واقعے میں چل بسے۔
مانیچی شمبن اور دوسرے میڈیا کے مطابق، تاداہیرو ماتسوشیتا کو پیر کو ٹوکیو میں ان کے گھر میں لٹکا ہوا پایا گیا، جبکہ مزید اطلاعات کے مطابق وہاں سے اہلیہ، وزیر اعظم یوشیکو نودا اور کابینہ کے اراکین کے نام خطوط بھی دریافت ہوئے۔
پریس اطلاعات سے پتا چلا کہ میگزین ایسی معلومات شائع کرے گا کہ ماتسوشیتا، جو ڈاک اصلاحات کے انچارج وزیر مملکت بھی تھے، شادی کے بغیر معاشقہ چلا رہے تھے۔
ساتھی اراکینِ کابینہ نے منگل کو ماتسوشیدا کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ وزیر خزانہ جون ازومی نے کہا، “وہ گرم و سرد چشیدہ سیاستدان تھے اور ان کے کام کا معیار اعلی تھا”۔
ازومی بطور وزیر مالیاتی خدمات ماتسوشیدا کا عہدہ سنبھالیں گے، اور ان کا ڈاک خانوں کے نیٹ ورک کی نجکاری کے نگران وزیر کا کام نودا سنبھالیں گے۔
انہیں جون میں بطور وزیر مالیاتی خدمات اور ڈاکخانوں کی نجکاری کے نگران وزیر مملکت کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔