ٹوکیو: امریکی وزیر دفاع لیون پینٹا نے پیر کو جاپان اور چین کے مابین بدتر ہوتے علاقائی تنازع کو حل کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کرنے پر زور دیا، جبکہ اس سے قبل انہوں نے خبردار کیا تھا کہ تنازعات کی وجہ سے مشرقی ایشیا جنگ میں دھکیلا جا سکتا ہے۔
ٹوکیو میں جاپانی لیڈروں سے ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے پینٹا نے متنازع جزائر پر جھگڑے، جو پچھلے ہفتے چین میں بڑی تیزی سے مظاہروں میں تبدیل ہو گیا جن میں سے کچھ پرتشدد بھی تھے، پر “تمام فریقین کو پرسکون اور باز” رہنے کی اپیل کی۔
پینٹا نے جاپان کے زیر انتظام جزائر کے سلسلے، جسے چین دیاؤ یو کہتا اور ان پر دعوی کرتا ہے، کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا، “یقیناً ہم مظاہروں اور سین کاکو جزائر پر تنازع کے بارے فکرمند ہیں”۔
پینٹا نے کہا کہ مشرقی بحر چین کے متنازع جزائر پر بے احتیاط اقدامات کے سنگین مضمرات ہو سکتے ہیں۔
پچھلے ہفتے جاپان نے اعلان کیا تھا کہ اس نے جزائر میں سے تین کو قومیا لیا ہے، جس سے چین میں غصیلا ردعمل پیدا ہوا۔
پیر کی اطلاعات سے پتا چلا کہ کارخانوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد جاپانی فرمیں چین میں اپنے آپریشنز میں کمی کر رہی ہیں۔