مشہور امریکی داعی اسلام، یوسف ایسٹیس (YUSUF ESTES) کا دورہ جاپان |
آج کل دنیا بھر میں دین حق اسلام کی کتاب مبین ’قران مجید‘ یا ہادی برحق محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی کی بیحرمتی اور توہین کے واقعات ہورہے ہیں۔ اسلام ایک پھیلتا ہوا مذہب ہے، اور دشمنوں کو یہ بات گوارا نہیں ہے۔ لیکن انہیں شاید یہ معلوم نہیں کہ اسے جتنا زیادہ دبایا جائے گا، یہ اتنا ہی زیادہ پھیلے گا۔ توہین قران یا توہین رسالت کے واقعات پر ساری دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ اور ہونا بھی چاہئے کہ کوئی بھی مسلمان پیارے نبی کی توہین برداشت نہیں کرسکتا۔جاپان میں بھی اس مقصد کے لیے احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جن میں مختلف قومیتوں کے مسلمانوں نے شرکت کی۔ لیکن اس کے ساتھ یہ بھی یاد رہنا چاہئے کہ غیرمسلموں کی اکثریت ان واقعات میں ملوث نہیں ہوتی، بلکہ یہ چند شرپسندوں کا ہی کام ہوتا ہے۔ غیرمسلموں کی اکثریت دین اسلام سے بیر نہیں رکھتی ، لیکن اس کے لیے کوئی خصوصی ہمدردی بھی نہیں رکھتی۔ کیونکہ انہیں اسلام کے بارے میں زیادہ معلومات ہی نہیں ہوتیں۔ اس اکثریت کو ہم اپنے عمل کے ذریعے اپنا حامی بھی بنا سکتے ہیں اور اپنا مخالف بھی۔تو کیوں نہ ہم کوشش کریں کہ وہ دین حق کی جانب مائل ہوں اور اللہ کی توفیق سے اسلام میں داخل ہوجائیں۔ یا کم از کم اسلام کے بارے میں انہیں درست معلومات ہوں اور وہ ہمارا مؤقف سمجھنے لگیں۔جاپان کے عام غیرمسلم باشندوں تک حق کا پیغام پہنچانا ہم جاپان میں رہنے والے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ لیکن اس کے لیے ہمیں بہترین نمونہ عمل بننا ہوگا، اور دلجمعی اور مستقل مزاجی کے ساتھ ان تک پیغام پہنچانا ہوگا۔ جاپان مسلم پیس فیڈریشن (JMPF) ہر سال جاپانیوں کو حضورنبی کریم صلی اللہ و علیہ وسلم کی ذات و صفات سے روشناس کروانے کے لئے ٹوکیو یونیورسٹی میں ایک سیمینار کا اہتمام کرتی ہے، جس میں مختلف جاپانی و غیرملکی اسکالرز نبی کریم صلی اللہ و علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ یہ سیمینار جاپانی زبان میں ہوتا ہے اور خاص طور پر جاپانی افراد کے لئے ہوتا ہے۔ اس سلسلے کےپانچویں سیمنار کے لیے عالم اسلام کے مشہور مفکر، امریکی داعی اسلام یوسف ایسٹیس (YUSUF ESTES) کو مدعو کیا گیا ہے۔ ان کے اس دورے سے جاپانیوں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے بھی مستفیذ ہونے کے مقصد سے سیمینار کے علاوہ، ٹوکیو ، فوکواوکا(کیوشو)اور ہیروشیما میں بھی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جناب یوسف ایسٹیس (YUSUF ESTES) کے پروگراموں کی تفصیل یہ ہے۔ 12 اکتوبر ـ :فوکواوکا مسجد میں خطبہ جمعہ اور شام کو کیوشو یونیورسٹی میں مسلم و غیرمسلم حاضرین سے خطاب۔ مزید تفصیلات کے لیے جاپان مسلم پیس فیڈریشن سے رابطہ کریں۔ |