تائیپے: ایک اہلکار نے جمعہ کو چین کے ایک حالیہ اقدام کو علاقائی جھگڑے سے منسلک کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ایک تائیوانی آرکسٹرا کے تین جاپانی اراکین کو مین لینڈ کے طے شدہ دورے سے قبل ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔
نیشنل سمفنی آرکسٹرا، جو تائیوان کا صف اول کا کلاسیکی طائفہ ہے، ویزا کی نامنظوری کے باوجود اپنے چین کے دورے کو جاری رکھنا چاہتا ہے، جو بیجنگ اور چین کے مابین مشرقی بحر چین میں جزائر کے ایک جھرمٹ پر کشیدگی کے دوران ہو رہا ہے۔
آرکسٹرا کے ایک رکن نے جزائر، جو جاپانی میں سین کاکو کہلاتے ہیں، کا چینی نام استعمال کرتے ہوئے کہا، “جاپانی موسیقاروں کو دیاؤ یو جزائر کے جھگڑےکا وقت ہونے کی وجہ سے ویزا نہ مل سکا”۔
پچھلے ماہ جزائر پر کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا جب ٹوکیو نے ان میں سے تین کو قومیا لیا، جس سے چین میں مشتعل مظاہروں کی لہر پیدا ہوئی، جو خود بھی ان پر دعوی کرتا ہے۔
تائپے بھی ان جزائر پر دعوی کرتا ہے اور پچھلے ماہ کوسٹ گارڈ جہازوں کے ساتھ آنے والی درجنوں تائیوانی ماہی گیر کشتیوں نے متنازع جزائر کے گرد جاپانی جہازوں سے پانی کی توپوں کے ذریعے مقابلہ بھی کیا تھا۔