ماسکو: روسی صدر کے ایک ترجمان نے جمعہ کو ایسی خبروں، کہ کریملن نے جاپانی وزیر اعظم کے ساتھ آئندہ مذاکرات کو منسوخ کر دیا ہے، کے جواب میں کہا، روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی صحت ان کے کام یا سفر کرنے میں حارج نہیں ہو رہی۔
ترجمان دمیتری پیسکوف نے کہا کہ وزیر اعظم یوشیکو نودا کا ماسکو کا دورہ “کبھی حتمی طور پر طے نہیں ہوا” تھا اور امید کا اظہار کیا کہ جنوری میں یہ دورہ ممکن ہو سکے گا۔
جاپان میں میڈیا نے یہ بھی کہا کہ جاپان کے شمالی قصبے کے ایک مئیر نے وزیر اعظم یوشیکو نودا کو یہ کہتے سنا کہ “صدر پوٹن کی صحت اچھی نہیں”۔
نودا، جنہیں دسمبر میں الیکشن کا سامنا ہے اور وسیع تر خیال کے مطابق وہ اپنا عہدہ کھو بیٹھیں گے، نے روس کے زیرِ کنٹرول کوریل جزائر پر بات چیت کے لیے نومیرو شہر کے مئیر شنسوکے ہاسےگاوا سے ملاقات کی تھی، جو ماسکو اور ٹوکیو کے مابین عرصہ دراز سے جاری علاقائی تنازع کی وجہ ہیں۔