جاپان کی مساجد کی مرکزی ویب سائٹ
جاپان میں پہلی مسجد سنہ ۱۹۳۵ میں تعمیر ہوئی ۔ اس کے بعد سے الحمد للہ اس تعداد میں اضافہ جاری ہے ۔ ۱۹۸۰ کی دہائی تک یہ اضافہ نہایت سست رفتار تھا ۔ تاہم اس کے بعد جاپان میں غیر ملکی مسلمانوں کی بڑی تعداد میں آمد اور ان کے جاپان میں مستقل قیام کے باعث ایسے علاقوں میں بھی مساجد کی ضرورت محسوس ہونے لگی ، جہاں پہلے کبھی مسلمان وجود ہی نہیں رکھتے تھے ۔ اکثر علاقوں کے مسلمانوں نے اپنی ضرورت کے لحاظ سے چھوٹی سی جگہ کرائے پر لے کر مصلے قائم کئے ۔ بعد میں مالی حالات بہتر ہونے پر جائیداد خرید کر باقاعدہ مساجد تعمیر کرنے لگے ۔ اللہ کے فضل و کرم سے آج جاپان کے تقریباً ہر پریفیکچر میں کم از کم ایک مسجد یا مصلٰی ضرور موجود ہے ۔
یہ مساجد اور مصلے ، بنیادی نہ صرف مقامی آبادی کی عبادات اور اسلامی تعلیم کے لئے استعمال ہوتے ہیں ، بلکہ دور دراز سے آنے والے مسافروں کے لئے بھی باجماعت نماز کی ادائیگی اور مسلمانوں کے ساتھ ملاپ کا ایک ذریعہ ہیں ۔
تاہم اس سلسلے میں ایک بڑی مشکل یہ ہے کہ اکثر لوگوں کو مساجد کے مقام کا علم نہیں ہوتا ۔ زیادہ تر لوگ جب کسی علاقے میں جانا چاہتے ہیں ، تو اپنے دوستوں یا جاننے والوں کی مدد سے اُس علاقے کی مسجد یا مصلے کا پتہ معلوم کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ جاپان میں مقیم مسلمانوں کو بھی بعض اوقات اس میں مشکل پیش آتی ہے ، لیکن خصوصاً بیرون ملک سے مختصر عرصے کے لئے جاپان آنے والوں کے لئے یہ تقریباً ناممکن کام ہے ۔
چنانچہ آج کے دور کی مناسبت سے ایک ایسی ویب سائٹ کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی ، جہاں جاپان بھر کی تمام مساجد اور مصلوں کی تفصیل دستیاب ہو ۔تاکہ اندرون یا بیرون جاپان سے کوئی بھی شخص ، آسانی کے ساتھ اپنے مطلوبہ علاقے کی مسجد تلاش کرسکے ۔اس مقصد کے لئے ایک چھوٹی سی کاوش کی گئی اور http://www.masjid.jp کے نام سے ایک ویب سائٹ تیار کی گئی ، جہاں ہر پریفیکچر کے لحاظ سے مساجد کی فہرست دی گئی ہے ۔ اس فہرست میں اب کوئی ۵۴ مساجد درج ہیں ، جبکہ ایک اندازے کے مطابق جاپان میں مساجد اور مصلوں کی مجموعی تعداد ایک سو سے زائد ہے ۔ گویا اب بھی تقریباً ۵۰ مساجد ایسی ہیں ، جن کے بارے میں اس فہرست میں کوئی معلومات نہیں ہیں ۔
حالیہ دنوں میں امام مسجد نبوی کی جاپان آمد اور مختلف مساجد میں ان کے خطابات کی خبریں پڑھنے سے بھی نئی نئی مساجد کے بارے میں علم ہوتا ہے ۔ تاہم ان کے بارے میں تفصیلات نہ ہونے کے باعث فہرست میں ان کا اندراج ممکن نہیں ہے ۔
اس تحریر کے ذریعے تمام مسلمانوں سے گزارش ہے کہ اپنے علاقے کی مسجد کے بارے میں معلومات ، مذکورہ ویب سائٹ میں ہونے کی تصدیق کریں ۔ اندراج نہ ہونے یا کسی غلطی کی صورت میں سائٹ کے منتظم سے رابطہ کرکے ، اپنے علاقے کی مسجد کے اس ویب سائٹ میں اندراج کو یقینی بنائیں ۔
مقامی لوگوں کے لئے تو شاید یہ ویب سائٹ اتنی اہم نہ ہو ، تاہم اندرون و بیرون جاپان کے مسافروں کے لئے یہ نہایت قیمتی معلومات ہیں ۔ ویب سائٹ پر جاپان بھر کی تمام مساجد کی فہرست مکمل کروانے میں تمام مسلمانوں کا تعاون درکار ہے ۔ جزاک اللہ خیر ۔