تعلیمات نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم ) کے بارے میں چوتھے سیمینار کی تیاریاں

جاپان مسلم پیس فیڈریشن کے زیر اہتمام

تعلیمات نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم ) کے بارے میں چوتھے سیمینار کی تیاریاں

 

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارکہ اور ان کی سیرت طیبہ کا پیغام جاپانی باشندوں تک پہنچانے کے لیے ، جاپان مسلم پیس فیڈریشن کے زیر اہتمام ٹوکیو میں گزشتہ تین سالوں سے سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ سال رواں کے ماہ اکتوبر میں انشاء اللہ اس سلسلے کے چوتھے سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا ، جس کی تیاریوں کے سلسلے میں بدھ 25 مئی کو ٹوکیو کی مسجد اوتسکا میں میٹنگ منعقد کی گئی ۔میٹنگ میں اوتسکا مسجد، یوکوہاما مسجد، یاشیو مسجد ، جاپان اسلامک ٹرسٹ، انٹرنیشنل مسلم سینٹر، مسلم اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن جاپان اور ٹوکیو یونیورسٹی کی اسلامی سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

رواں سال جاپان میں شدید زلزلے اور سونامی سے ہونے والی تباہی ، اور اس سانحے کے دوران مسلمانوں کی جانب سے امدادی کاروائیوں کے تناظر میں ، رواں سال کے سیمینار کے لیے ’’معاشرتی بہبود اور انسانی امداد سےمتعلق محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات‘‘ کا موضوع منتخب کیا گیا ۔ چوتھا سیمینار بھی ٹوکیو یونیورسٹی ہی میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ میٹنگ میں سیمینار کے مقررین کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا ، جن کا حتمی تعین اگلی میٹنگوں میں کیا جائے گا۔

سیمینار کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ، جن میں فنڈ جمع کرنے کے لیے مالیاتی کمیٹی، پمفلٹ، پوسٹر اور سیمینار کے کتابچے کی تیاری کے لیے پبلیکیشن کمیٹی، جبکہ سیمنار کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاپانی باشندوں کو آگاہ کرنے کے لیے پبلسٹی کمیٹی شامل ہیں ۔

JMPF یا جاپان مسلم پیس فیڈریشن کا قیام سنہ 2008 میں عمل میں آیا تھا، جب ڈنمارک کے اخبارات میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج کے لیے جاپان بھر کی دینی تنظیموں کا مشترکہ اجتماع ہوا تھا ۔ احتجاج کے بعد، اس بات کی ضرورت محسوس کی گئی کہ جاپانیوں تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں درست معلومات پہنچانے اور ان کی ذات مبارکہ سے جاپانی باشندوں کو آگاہ کرنے کے لیے علمی سطح کی کاوشیں کی جائیں ۔ چنانچہ اس مقصد کے لیے سالانہ سیمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔

سیمنار کا مقصد جاپانیوں کو اسلام سے روشناس کروانا ہے ، اس لحاظ سے سیمینار جاپانی زبان میں ہی کیا جاتا ہے ۔ جاپانی مقررین کے ساتھ ساتھ، ایک غیر جاپانی پروفیسر یا عالم کو بھی دعوت دی جاتی ہے ، تاہم ان کے خطاب کا بھی جاپانی ترجمہ کیا جاتا ہے ۔ سیمینار میں چند مسلمان بھی شرکت کرتے ہیں ، لیکن اس بات کی کوشش کی جاتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ غیرمسلم یا نومسلم جاپانی اس میں شرکت کریں ۔ البتہ سیمینار کی تیاریوں کے لیے ہونے والے اجلاسوں میں یقیناً مسلمان ہی شرکت کرتے ہیں ، اور اپنی تجاویز ، اور جانی و مالی تعاون کے ذریعے اسے کامیاب بنانے میں حصہ لیتے ہیں ۔ کئی مسلمان ، عملی طور پر ان اجلاسوں میں شرکت نہیں کرسکتے ، لیکن وہ ای میل کے ذریعے اپنی تجاویز دیتے ہیں ، اور سیمینار کے اخراجات کے لیے تعاون کرتے ہیں ۔جبکہ کئی افراد سیمینار کا پیغام زیادہ سے زیادہ جاپانی باشندوں تک پہنچانے میں تعاون کرتے ہیں ۔اس طرح مسلمانوں کے باہمی تعاون سے یہ سالانہ سیمینار منعقد کئے جاتے ہیں ۔

نوٹ : سیمینار کی تیاریوں کے سلسلے میں انٹرنیٹ کے ذریعے گفتگو کے لئے، درج ذیل گروپ سائٹ ملاحظہ فرمائیں ۔گفتگو میں شرکت کے لیے آپ کو اپنا ای میل ایڈریس رجسٹر کروانا ہوگا ۔

http://groups.yahoo.com/group/jmpf/

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.