جاپان نے دو چینی کشتیوں اور ان کے کپتانوں کو جاپانی ساحلوں کے قریب مبینہ طور پر غیرقانونی ماہی گیری کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔ جاپان کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے ہفتے کو بتایا کہ کپتانوں سے اس شبہے کے تحت تفتیش کی جارہی ہے کہ انھوں نے اِشی کاوا صوبے کے شمالی ساحل کے نزدیک جاپانی سمندر میں جاپان کی معاشی ملکیت والے پانیوں میں غیرقانونی ماہی گیری کی۔ لورنگو 1735 اور لورنگو 1736 نامی ٹرالروں میں سترہ سترہ چینی عملے کے ارکان سوار تھے۔ کپتانوں نے مبینہ طور پر جاپانی اہلکاروں کے تلاشی دینے کے حکم کو نظر انداز کیا اور بھاگنے کی کوشش کی۔ کوسٹ گارڈ نے کپتانوں کی شناخت 26 سالہ وانگ فیوگی اور 35 سالہ زینگ وینوو کے طور پر کی ہے۔ اس کے علاوہ مزید تفصیلات دستیاب نہیں تھیں۔ پچھلے سال متنازعہ جنوبی جاپانی جزائر کے نزدیک ایک جاپانی گشتی کشتی اور چینی ٹرالر میں ہونے والے تصادم اور اس کے کپتان کی گرفتاری کے واقعہ نے دونوں ملکوں میں سفارتی خلیج پیدا کردی تھی۔
1 comment for “جاپان کوسٹ گارڈ نے غیرقانونی ماہی گیری کے الزام میں دو چینی کشتیوں کو حراست میں لے لیا”