ناگاساکی مئیر: ہمیں افسانوں سے ہٹ کر حقیقتوں کا سامنا کرنا ہوگا

اخبار:
جب سے فوکوشیما نمبر 1 ایٹمی بجلی گھر کا بحران شروع ہوا ہے، میں مستقل حیران ہورہا ہوں، “ہم نے کیا غلطیاں کیں، کہاں کیں، اور کیوں کیں؟” میں نے جوہری پلانٹ سے بالواسطہ متعلق عوامل جیسے اس کی جگہ اور حفاظت ہی کا جائزہ نہیں لیا بلکہ اپنے سماج اور سوچنے کے طریقے میں بھی وجوہات تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان میں سے ایک مسئلہ افسانوں کا ہے۔
جوہری پلانٹوں کے مکمل محفوظ ہونے کا افسانہ فوکوشیما پلانٹ کے بحران کے بعد دم توڑ چکا ہے۔ تاہم، ہیروشیما اور ناگاساکی ایک اور طرح کے افسانے سے پچھلی نصف صدی سے نبرد آزما ہیں: کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ ایٹم بم گرانے میں اس لیے حق بجانب تھا کہ انھوں نے ایسا کرکے ہلاک کرنے سے زیادہ جانیں بچا لیں۔ صحافی ناکا اکیرا اپنی کتاب “موکُوساتسو” (خاموش رہ کر نظرانداز کردو) میں اس افسانے کو غیرحقیقی ثابت کرتا ہے لیکن اس کا پرچار آج بھی بڑی شدومد سے کیا جارہا ہے۔
امریکہ میں بھی جب آپ حقائق پیش کرتے ہیں تو لوگ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ ایٹم بم غیر اخلاقی ہیں اور انھیں جاپان کے خلاف استعمال نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ہیروشیما اور ناگاساکی نے پوری دنیا میں گاہے بگاہے ان بموں پر نمائشوں کا انعقاد جاری رکھا ہے۔ اس سال ہم اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر میں ایک نیا ہیروشیما ناگاساکی کارنر قائم کریں گے۔ ہم نے ایک منصوبہ بھی شروع کیا ہے جس میں ہم انٹرنیٹ کے ذریعے سامان فراہم کریں گے تاکہ کمیونٹی ہالز اور اسکولوں جیسی چھوٹی جگہوں میں ایٹم بم کی نمائشیں منعقد کی جاسکیں۔
کچھ اور افسانے بھی موجود ہیں: یہ افسانہ کہ ایٹمی ہتھیار دوبارہ کبھی استعمال نہیں کیے جائیں گے، اور یہ افسانہ کہ جاپان کو بھی لازمی ایٹمی ہتھیار رکھنے چاہئیں۔ ان ہی افسانوں کی وجہ سے ناگاساکی اس سال پھر اپنے امن کے پیغام میں ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے، شمال مشرقی ایشیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے، اور جاپانی آئین کے ایٹمی ہتھیاروں کے مخالف تین اصولوں کو مقدم رکھنے کی اپیل کرے گا۔
ہیروشیما کے مئیر ماتسوئی کازومی اور میں، دونوں ہی جنگ کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔ ہمارا ایک ایسے زمانے میں زندگی گزارنا، جہاں کے لوگ جنگ اور ایٹمی ہتھیاروں سے ناآشنا ہیں، ہی وہ وجہ ہے جس کے تحت ہمیں ایٹمی حملے سے بچ جانے والے چند لوگوں کے ساتھ مل کر سچ کو پھیلانا چاہیے تاکہ ماضی کی غلطیوں کو دوہرایا نہ جاسکے۔ (از تاؤ تومیشیا، ناگاساکی کے مئیر

2 comments for “ناگاساکی مئیر: ہمیں افسانوں سے ہٹ کر حقیقتوں کا سامنا کرنا ہوگا

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.