ایٹمی پلانٹ کے نزدیکی قصبے میں تخمینہ شدہ سالانہ تابکاری کی مقدار 508 ملی سیورٹ سے بڑھ گئی

حکومت کی طرف سے 19 اگست کو جاری کیے جانے والے اعداد و شمار میں بحران زدہ فوکوشیما نمبر 1 ایٹمی بجلی گھر کے اطراف 20 کلومیٹر کے رداس میں 508.1 ملی سیورٹ سالانہ تک بلند درجے کی تابکاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی کے جاری کردہ اعدادو شمار 20 کلومیٹر رداس کے علاقے میں موجود آٹھ بلدیاؤں کے 50 مقامات کا پہلا عوامی طور پر جاری کیا جانے والا تابکاری کا سالانہ تخمینہ ہیں۔

سب سے بڑا عدد اوکوما، صوبہ فوکوشیما کےکیرینو ضلع کا تھا جہاں سالانہ مقدار کا اندازہ 508.1 ملی سیورٹ لگایا گیا، جو کہ مصنوعی تابکاری کی قابل قبول سالانہ مقدار سے کوئی 500 گنا زیادہ تھا۔ یہ ضلع پلانٹ سے 3 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں واقع ہے۔

یہ اعدادوشمار ایک آدمی کے 16 گھنٹے گھر کے اندر اور 8 گھنٹے گھر کے باہر رہنے کی بنیاد پر 50 مقامات سے لیے گئے ہیں۔ 12 مارچ سے 11 اگست تک کے تخمینے اصل میں ان دنوں کی کی حقیقی پیمائشوں پر مبنی تھے۔ بارہ اگست سے لے کر اگلے ایک سال کے عرصے تک، 9 سے 11 اگست کے دوران لی گئی تازہ ترین پیمائشوں کی اوسط مقدار کو سارے سال کی پیمائشیں فرض کیا گیا ہے۔

“تابکاری کے بلند درجے والے علاقوں میں، تابکاری کے ساتھ تعامل کی مقدار خلانوردوں کے عالمی خلائی اسٹیشن میں تابکاری سے تعامل کی مقدار (قریباً 1 ملی سیورٹ فی دن) سے بھی بڑھ جاتی ہے، چناچہ لوگوں کو وہاں پر رہنے کے لیے اس کی دستاویز کاری ضروری ہے، لیکن اتنے بڑے علاقے میں تابکار مادوں کے پھیلے ہونے کی وجہ سے یہ کام بہت مشکل ہوجائے گا۔ جہاں تک لوگوں کا اپنے گھروں کو مختصر وقت کے لیے جانے کا سوال ہے، اگر وہ وہاں صرف چند گھنٹوں کے لیے رہیں تو  اس کے کوئی بہت زیادہ مضر اثرات مرتب نہیں ہونگے،”۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.