اخبار:
ٹوکیو: تیجن کارپوریشن لمیٹڈ نے بدھ کو کہا کہ اس نے ایسا پلاسٹک تیار کیا ہے جو تابکاری سے قربت اختیار کرنے پر نیلی روشنی خارج کرتا ہے، جو ان کے مطابق تابکاری کے سستے سراغ گروں کی تیاری کا سبب بنے گا۔
اس نے کہا کہ وہ دو جامعات کے تعاون سے تیار ہونے والے سکنٹرکس نامی اس پولیسٹر کی جلد ہی تجارتی پیمانے پر تیاری شروع کر دے گا جو محققین اور فرموں کو سستے سراغ گر اور طبی آلات بنانے کے قابل بنائے گا۔
سکنٹرکس “روشنی دینے والے مادوں کی لاگت کو موجودہ پیمانے پر دسویں حصے تک کم کرکے تابکاری کے سراغ گروں کی مجموعی لاگت کم کرنے میں مدد دے گا”۔
سکنٹی لیٹر یا روشنی دینے والا مادہ کسی بھی تابکاری جانچنے والے آلے کا مرکزی حصہ ہوتا ہے۔
9.0 شدت کے زلزلے و سونامی نے مارچ میں جاپان میں 25 سال پرانے چرنوبل حادثے کے بعد بدترین ایٹمی بحران پیدا کیا تھا جس کی وجہ سے ہوا، مٹی اور پانی میں متاثرہ فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر سے تابکاری خارج ہوئی تھی۔
تابکاری کے خدشات کی وجہ سےدسیوں ہزار لوگوں سے گھر خالی کروائے گئے اور کچھ اقسام کی خوردنی اشیا کی برآمد بند کر دی گئی۔